مقبوضہ جموں کشمیر سے 6684عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے

مقبوضہ جموں کشمیر سے 6684عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے

سرینگر(اے این این)مقبوضہ جموں کشمیر کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید اتفاق رائے سے جموں و کشمیر ریاستی حج کمیٹی کے چیئرپرسن منتخب کرلیے گئے۔چیئرمین منتخب ہونے کے فورا بعد وزیر اعلیٰ نے وزیر باغبانی ، حج و اوقاف ، اے آر ویری کو ریاستی حج کمیٹی،جس کی گذشتہ ماہ جون میں تشکیل نو کی گئی ،کا نائب چیئرمین نامزد کیا ۔یہ فیصلہ آج جموں و کشمیر ریاستی حج کمیٹی کے ایک اجلاس میں لیا گیا۔ اجلاس میں رکن اسمبلی پانپور ، ظہو ر احمد میر، ارکان قانون سازکونسل ، ڈاکٹرشہناز گنائی ، علی محمد ڈار ، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری ، سیکرٹری محکمہ مال ،وزیر اعلی کے سیکرٹری اور ریاستی حج کمیٹی کے دیگر ممبران جن میں سابق وزیر حاجی نثار علی،اما م و خطیب ، مسجد زیارت عالیہ سید صاحب سونہ وار ، مولانا اخضر حسین،صدر اوقاف کمیٹی اچھہ بل غلام محی الدین بٹ کے علاوہ ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر موجود تھے۔امسال عازمین حج کو تمام لازمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلی نے ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹوآفیسرکو ایک لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے کہا تاکہ عازمین کیلئے معلومات فراہم کرنے والے کیمپوں کے انعقاد ، سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عازمین کی بلا رکاوٹ نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے شناختی کارڈوں کی فراہمی وغیرہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کو عازمین کی روانگی سے پہلے ان کی سیکورٹی اور سامان کی چیکنگ آسان بنانے میں عملی تعاون دینا چاہیئے تاکہ مدینہ منورہ میں اترنے پر انہیں کسی قسم کی دِقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خدام الحجاج کو اپنے فرائض کی بہتر ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ عازمین حج ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اعتماد کرتے ہیں اور ہمیں ان کی توقعات پر پورا اترنا چاہیے۔انہوں نے ارضِ مقدس میں حجاج کو ہرممکن سہولیت فراہم کرنے کیلئے تمام لازمی اقدامات اٹھانے کے لئے کہا۔وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا گیا کہ مدینہ منورہ کیلئے براہ راست حج پروازیں اگلے ماہ 17 اگست سے شروع ہوں گی جس کے ریاستی حج کمیٹی نے تمام انتظامات مکمل کئے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ 17سے 31اگست تک سرینگر اور مدینہ منورہ کے درمیان انڈین ائیر لائنز کی روزانہ دو پروازیں اڑان بھریں گی جبکہ22سے 31اگست تک روزانہ ایک ہی پرواز اڑان بھرے گی او رہر پرواز 340 عازمین پر مشتمل ہوگی۔عازمین حج کی سہولیت کیلئے امسال ریاستی حج کمیٹی نے ہوائی اڈوں پر تاخیرسے بچنے کیلئے سامان کی چیکنگ اور ادائے قربانی کے لئے کوپن کی فراہمی کے اقدامات متعارف کئے ہیں۔وزیر برائے حج و اوقاف نے وزیر اعلی کو مطلع کیا کہ امسال جموں و کشمیر کے 6684 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔عازمین کے سفری دستاویزات مناسب جانچ پڑتال کے بعد روانگی سے پہلے ان کے سپرد کئے جائیں گے۔واضح رہے مسجد الحرام کے احاطے کی تجدید و توسیع کی وجہ سے امسال حکومت سعودیہ کے احکامات کے تحت حج کوٹا میں 20فیصد کمی کی گئی ہے ۔عازمین کیلئے اقامتی سہولیات ،جموں و سرینگر میں حج ہاؤس میں ان کے قیام کیلئے انتظامات،قیام و طعام اور پروازوں کے شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلی نے ریاستی حج کمیٹی کو اگلے ماہ 8اگست کو عازمین کے سفر اور قیام کو مزیدآرام دہ بنانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ریاستی حج کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔مختلف ارکان سے حج 2015کیلئے بہتر انتظامات یقینی بنانے کیلئے تجاویز طلب کرتے ہوئے مفتی سعید نے ریاستی حج کمیٹی کو سال بھر حج ہاؤس کے بہتر استعمال کیلئے منصوبہ مرتب کرنے کیلئے کہا تاکہ حج ہاؤس کی آمدن میں اضافہ ہوسکے۔

مزید : عالمی منظر