ریاست کا ہر شہری بھارتی غلامی سے آزاد ہونے کی مشترکہ خواہش رکھتا ہے‘ نعیم احمد خان

ریاست کا ہر شہری بھارتی غلامی سے آزاد ہونے کی مشترکہ خواہش رکھتا ہے‘ نعیم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سری نگر(کے پی آئی)نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان نے کہا ہے انتہا پسند ہندو جماعتیں ریاست کی منفرد مسلم شناخت کونقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ تلگام پٹن میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے نعیم خان نے کہاکہ بھارت کی تمام تر ریشہ دوانیوں اور آر ایس ایس ،وی ایچ پی اور اس جیسی دیگرہندو شدت پسند تنظیموں کی آزادانہ سرگرمیوں کے باوجود جموں و کشمیر کی مسلم شناخت کی حفاظت کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائینگی ۔نعیم خان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پوری یکسوئی کے ساتھ تحریک آزادی کی آبیاری کریں تاکہ شہدا کا خواب شرمندہ4 تعبیر ہوسکے۔ انہوں نے ریاست کے اندر بڑھتی مسلم مخالف سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت اور اس کے مقامی آلہ کاروں کوخبر دار کیا کہ وہ اپنے مسلم مخالف کارروائیوں سے باز آئیں۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس جیسی تنظیمیں مسلمانوں کی منفرد شناخت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور ان مسلم دشمن قوتوں کو ریاستی حکومت کی بھی حمایت حاصل ہے اور یہ دونوں مل کر اقتدار کے فوائد لٹانے میں مصروف ہیں۔نعیم خان نے کہا کہ جموں وکشمیرکی انفرادیت ہندو شدت پسندوں کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے اور وہ اس کو نقصان پہنچانے کیلئے کبھی راست اقدامات کرتے ہیں اور کبھی ایسی اشتعال انگیزی سے کام لیتے ہیں تاکہ مسلمان آپے سے باہر ہوکر انہیں اپنے مکروہ منصوبوں کو عملانے کا موقع فراہم کرسکیں۔نعیم خان نے جموں کشمیر کی سرزمین پر بھارتی فوج کے سابق اہلکاروں یا ان کے اہل خانہ کو بسانے کے بھارت کے منصوبے کو یہاں کی آبادی کا تناسب بگاڑنے کی ایک سازش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک مسلمہ تنازعہ ہے اس لئے یہاں کی آبادی کے تناسب کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کیا جائے گا۔نعیم خان نے مسلمامان جموں کشمیر کو بھارت کی مسلم دشمن سازشوں سے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اس کے آلہ کار یہاں کے مسلمانوں کو نام نہاد تعمیر وترقی کے نام پر شیشے میں اتارنے کے منصوبے بنا رہے ہیں ۔نعیم خان نے صوبہ جموں خاص کر پیر پنچال خطے اور چناب ویلی کے مسلمانوں کو ہندو فرقہ پرستوں کے ہاتھوں ہراساں کئے جانے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ جموں صوبے کے مسلمانوں کو یک و تنہا نہیں چھوڑا جائے گا کیونکہ ریاست کا ہر شہری بھارتی غلامی سے آزاد ہونے کی مشترکہ خواہش رکھتا ہے اس لئے ان پر آئے دنوں عذاب و عتاب کے نئے نئے طریقے آزمائے جارہے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -