مجید نظامی نے ہر طرح کے حالات میں کلمہ حق بلند کیا،رانا ثناء اللہ

مجید نظامی نے ہر طرح کے حالات میں کلمہ حق بلند کیا،رانا ثناء اللہ

لاہور(پ ر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ مجید نظامی مرحوم نامساعد حالات میں بھی کلمہ حق بلند کرتے رہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مون لائٹ سکول نسبت روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے زیر اہتمام مجید نظامی کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مجید نظامی نے ہمیشہ جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا چاہئے وہ دور آمریت ہو یا پھر نام نہاد جمہوریت ہو انہوں نے اپنی زندگی میں درپیش آنیوالے مقامات آہ و فغان کا بڑی دلیری حوصلے اور بہادری سے مقابلہ کیا کوئی آمر انہیں خریدنہ سکا نہ جھکا سکا۔ انہوں نے کہا کہ آج صحافت کے میدان میں مجید نظامی جیسے راہنماؤں کی شدید قلت محسوس کی جا رہی ہے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں مجید نظامی کا اہم کردار ہے۔مون لائٹ سکول سسٹم کے چیئرمین ادیب جاودانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجید نظامی صاحب صحافت اور سیاست کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ مجید نظامی صاحب نے اسلام پاکستان، کشمیر اور جمہوریت کے ساتھ اپنی لازوال وابستگی آخری دم تک نبھائی جو انتہائی قابل ستائش ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4