حمزہ شہباز،وزیرتعلیم کی تقریب میں عدم شرکت،ہنگامی بنیادوں پر بلال یاسین کو بلایا گیا

حمزہ شہباز،وزیرتعلیم کی تقریب میں عدم شرکت،ہنگامی بنیادوں پر بلال یاسین کو ...

لاہور( خبرنگار ) لاہور تعلیمی بورڈ کی سالانہ نتائج کی تقریب کے موقع پر نامزدمہمان خصوصی ایم این اے حمزہ شہباز شریف ،وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان اور سیکرٹری سکولزایجوکیشن ارم بخاری ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ،سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن سمیت دیگر شخصیات تقریب میں نہیں آئیں ۔ان اعلی ٰ حکومتی شخصیات کے کا اکثر تقریبات میں یہ کہنا تھا کہ پوزیشن ہولڈرز بچے ہمارے سروں کے تاج ہیں لیکن آج جب ان سروں کے تاجوں کی حوصلہ افزائی کا دن آیا تو ان حکومتی شخصیات میں سے کسی نے بھی تقریب میں آنے کی زحمت نہ کی اور اپنی مصروفیات کا بہانہ بنا کر معذرت کر لی ان کی عدم موجودگی کے باعث تقریب تاخیر کا شکار ہوئی اور بالآخر لاہور بورڈ کی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر ایم این اے وحید عالم خان صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین ، ممبران پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد،ماجد ظہور،میاں مرغوب کو دعوت دینا پڑی جس پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ایم این اے وحید عالم خان، پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد ، ارکان صوبائی اسمبلی ماجد ظہور اور میاں مرغوب ا حمد کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی تعلیم دوست پالیسی کے باعث پنجاب نے دیگر صوبوں کی نسبت تعلیم کے شعبہ میں بازی لے رکھی ہے۔ اس میں دیگر صوبوں کو بھی چاہیے کہ وہ تعلیم کے شعبہ پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا ہے۔ اس میں نوجوان نسل ہی اپنا بہتر کردار ادا کرسکتی ہے ، کیونکہ کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی کی امید نوجوان نسل ہوتی ہے اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ آج کے نوجوان اپنی محنت کو اس انداز اور لگن سے جاری رکھیں تاکہ آج کی نوجوان نسل ملک و قوم کی آنے والی باگ ڈور کو سنبھال سکیں اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس میں تعلیم ایک بنیادی ہتھیار ہے اور تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے دل میں تعلیم کے شعبہ میں بے شمار تڑپ ہے اور وزیر اعلیٰ آج کے نوجوانوں بالخصوص تعلیم کے میدان میں بازی لینے والے ( پوزیشن ہولڈرز) کے لئے بے شمار محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کسی تنقید پر توجہ نہ دیں بلکہ تنقید پر توجہ یا جواب دینے کے بجائے اپنی نوجوان نسل کی بہتر سے بہتر پرورش اور ان کی تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ ہمارے معارشے میں تنقید ایک فیشن بن چکا ہے ، لیکن قوم ایسی باتوں پر توجہ دیں دے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لاہور بورڈ کی انتظامیہ میٹرک کے امتحانات کا ایک منفرد اور غلطیوں سے پاک رزلٹ تیار کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے اور اس میں لاہور بورڈ بالخصوص چیئرمین ڈاکٹر محمد نصراللہ ورک مبارکباد کے زیادہ مستحق ہیں۔

مزید : صفحہ اول