روزانہ 15گھنٹے پڑھتی تھی شاندارکامیابی کی توقع تھی،فرسٹ پوزیشن ہولڈرفیصل آباد بورڈماہ نور

روزانہ 15گھنٹے پڑھتی تھی شاندارکامیابی کی توقع تھی،فرسٹ پوزیشن ہولڈرفیصل ...

فیصل آباد(بیورورپورٹ)میٹرک کے سالانہ امتحان 2015ء میں فیصل آباد بورڈ میں مجموعی طور پر اول پوزیشن حاصل کرنے والی ماہ نور دختر محمد اسلم شاہد ڈویژنل ماڈل ہائی سکول کی طالبہ ہیں انہوں نے 1079نمبرحاصل کئے ہیں انہوں نے اپنی کامیابی کو والدین اور اساتذہ کے نام کرتے ہوئے بتایا کہ وہ روزانہ 15گھنٹے سٹڈی کرتی تھیں اور انہیں شاندار کامیابی کی توقع تھی وہ میڈیکل کے شعبے میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا عزم رکھتی ہیں بورڈ میں 1076نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی لیبارٹری گرلز ہائی سکول زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ فاطمہ محمود دختر محمود احمد کا کہنا تھاکہ اگرچہ وہ زیادہ وقت پڑھائی نہیں کرتی تھیں تاہم مکمل توجہ اور باقاعدگی کے ساتھ پڑھنا ان کا معمول تھا ان کی والدہ ٹیچر جبکہ والد ڈاکٹر ہیں فاطمہ محمود نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام اور نصاب توجہ طلب ہیں سٹوڈنٹس کو صاف ستھرا پرسکون ماحول فراہم کیا جانا چاہیے وہ ڈاکٹر بننے کا عزم رکھتی ہیں رول نمبر416312کے ساتھ زرتاشیہ حفیظ دختر ناصر علی شاہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کونونیٹ چپس اینڈ میری گرلز ہائی سکول مجموعی طور پر 1075نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں ان کے والد پروفیسر ہیں وہ میڈیکل کے شعبہ میں آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلیمی نظام اصلاح طلب ہے نئی نسل کو کتابی کیڑا بنانے کی بجائے زرخیز ذہن بنانے اور ملک و ملت کیلئے سود مند بنانے پر توجہ دینی چاہیے سائنس گروپ طلبا میں پہلی پوزیشن کے حامل اے ڈبلیو گرائمر ہائی سکول جڑانوالہ کے طالب علم محمد بلال ولد محمد اشتیاق نے 1068 نمبر لئے ہیں ان کے والدہ بیکری کی اشیاء تیار کرتے ہیں اور بیٹے کو اعلی تعلیم دلانے کے خواہش مند ہیں سائنس گروپ طلبا میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے 3طالب علم بھی اسی سکول سے تعلق رکھتے ہیں علی شہرام ولد محمد سعید انور اور عبدالاحد ولد عبیداللہ نے ایک ہی سکول کے طالب علم ہونے کے ساتھ ساتھ ایک جیسے یعنی دونوں نے 1065 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اے ڈبلیو گرائمر ہائی سکول جڑانوالہ ہی کے طالب علم حبیب بابر ولد رانا محمد بابر اور ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج فیصل آباد کے محمد سلمان افضل ولد محمد افضل سلمان نے یکساں نمبر 1064 کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی علی شہرام کے والد انجینئر جبکہ عبدالاحد کے والد پروفیسر پیں دونوں نے ڈاکٹر بننے کا ارادہ ظاہرہ کیا ہے.جنرل گروپ طلباء میں اول 972نمبر لینے والے وزڈم ہاؤس سکول سسٹم فیصل آباد کے محمد حسنین ولد محمد لطیف مقامی بزنس مین کے فرزند ہیں جبکہ منہاج القرآن ماڈل سکینڈری سکول گلفشاں کالونی کے محمد عمر ولد محمد ارشد950 نمبر لیکر اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر رہے ان کے والد جنرل سٹور پر سیلز مین ہیں انہوں نے تعلیمی اخراجات کو کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جنرل گروپ طلبا میں تیسری پوزیشن احسن ندیم ولد محمد ندیم نے 947نمبروں کے ساتھ حاصل کی وہ حسان بن ثابت ہائی سکول غلام محمد آبادکے طالب علم ہیں والد رکشہ چلاتے ہیں اور محنت مزدوری کر کے بیٹے کو تعلیم دلانے اور انہیں تجارت کے شعبے سے وابستہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جنرل گروپ طالبات میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر دو پیپلزکالونی کی طالبہ اسوہ عطاء نے حاصل کی ان کے والد عطاء الرحمن آخری پیپر والے دن انتقال کر گئے تاہم اسوہ عطا نے اس صدمہ کے باوجود امتحان میں شرکت کی اور اللہ کریم نے انہیں 1030نمبروں کے ساتھ گروپ میں پہلی پوزیشن پر سرفراز کیا اسوہ عطا انفارمیشن ٹیکنالوجی میں اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک وقوم کی خدمت کرنا چاہتی ہیں وہ روزانہ 8گھنٹے پڑھائی کرتی رہیں ان کے والدین اور ٹیچرز نے ان کی بھرپور رہنمائی کی وہ تعلیمی نظام میں بہتری کی خواہاں ہیں ان کے بھائی ابوبکر نے اسوہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اعلی تعلیم دلانے کے عزم کا اعادہ کیا اسوہ نے پرنسپل مسز رضیہ کی حوصلہ افزائی کا بھی شکریہ ادا کیا جنرل گروپ طالبات میں دوسری پوزیشن کی حامل فاطمہ نعیم دختر محمد نعیم بھی اسی سکول سے تعلق رکھتی ہیں ان کے والد بزنس مین ہیں اسی گروپ میں تیسری پوزیشن لیبارٹری گرلز ہائی سکول زرعی یونیورسٹی کی خدیجہ بی بی دختر عبدالحمید اور گورنمنٹ گرلز ہائر سکنڈری سکول پیپلزکالونی کی طالبہ کرن مرزا دختر نعیم نے 1015یکساں نمبرلیکر حاصل کی خدیجہ کے والد سرکاری ملازم جبکہ کرن مرزا کے والد پرائیویٹ ڈرائیور ہیں اور دونوں اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔

مزید : صفحہ اول