آئی سی سی کے صدر نے پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ میں بہتری کو کرشماتی تبدیلی قرار دے دیا
کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس پاکستانی فیلڈنگ میں بہتری دیکھ کر حیران رہ گئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی کرشماتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ظہیرعباس نے آئی سی سی کی صدارت سنبھالی تو سب سے پہلے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورے کی دعوت دی،جس پر ظہیر عباس نے اسے اپنے لیے ایک اعزار قرار دیرے ہوئے کہ دونوں ممالک میں کھیل کے علاوہ بھی قریبی روابط ہیں ۔ ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے ٹیم میں نئی جان ڈال دی ہے اور سلیکشن کے تسلسل نے بھی گرین شرٹس کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ اگرچہ کونسل کا عہدہ علامتی ہے لیکن بطور سابق کرکٹر کھیل کی بہتری کیلیے اپنی بات متعلقہ لوگوں تک تو پہنچا سکتاہوں،پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشش جاری رکھوں گا، سری لنکن ٹیم کی آمد میرے اور عوام لئے بڑی خوشی کی بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے ٹیم میں نئی جان ڈال دی، میدان میں ایک توانائی نظر آتی ہے،کولمبو میں فیلڈرز نے ایسی حیران کن کارکردگی دکھائی جو پاکستان کرکٹ میں پہلے کبھی نہیں نظر آئی،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گرین شرٹس فیلڈنگ کے لحاظ سے بہترین ٹیموں کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پہلے کھلاڑی اسکواڈ کے اندر باہر ہوتے رہے جس کی وجہ سے پرفارمنس میں تسلسل نظر نہیں آتا تھا،اب مسلسل بہتری آرہی ہے، دوسری جانب سری لنکا کا معاملہ برعکس ہے،انھوں نے کہا کہ یونس خان کی پرفارمنس میں دن بہ دن بہتری آتی جارہی ہے، 37سال کی عمر میں بھی ان کا عزم اور حوصلہ نوجوانوں کو شرمندہ کردیتا ہے۔