نیشنل بینک نے تمام این بی پی پنشنروں کی ماہانہ پنشن میں اضافہ منظور کر لیا

نیشنل بینک نے تمام این بی پی پنشنروں کی ماہانہ پنشن میں اضافہ منظور کر لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(آن لائن) نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)کے صدر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نیشنل بینک آف پاکستان کے اُن تمام پنشنروں کی ماہانہ پنشن میں اضافہ منظور کر لیا ہے جو 2016ء سے پہلے ریٹائر ہوئے تھے یا انتقال کر گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جو ملازمین دسمبر 1998ء سے پہلے ریٹائر ہوئے تھے ان کی پنشن میں 20 فیصد اور جو ملازمین 1999ء سے 2009ء کے درمیان ریٹائر ہوئے ان کی پنشن میں 15 فیصد اور 2010ء سے 2016ء کے درمیان ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ منظور کیا گیا۔اس بات کے پیش نظر کہ پنشنروں کی بڑی تعدادکی رقم حالیہ اضافے کے بعد بھی 6,000روپے ماہانہ سے کم ہے،اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ پنشن کی کم سے کم رقم 6,000روپے ماہانہ مقرر کی جائے جبکہ ایسے پنشنر ز جو انتقال کر چکے ہیں ان کے اہل خانہ کے لیے پنشن کی کم از کم ماہانہ رقم 4,500 روپے مقرر کی جائے۔تمام پنشنروں کے لیے پنشن میں اس اضافے کا اطلاق جنوری ، 2017ء سے ہو گا۔


اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ بینک ماہانہ نظر ثانی شدہ پنشن کے ہمراہ اس اضافے کے بقایا جات بھی ادا کرے گا جب کہ نظرثانی شدہ پنشن آئندہ تاریخ ادائیگی سے دی جائے گی۔اس بات کا اعلان کرتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان کے ترجمان نے کہا:’’بینک کے تمام ملازمین ادارے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہم ایک خاندان ہیں اور این بی پی کی ترقی کے لیے بھرپور عزم رکھتے ہیں۔تمام ملازمین کے ساتھ روابط ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جاری رہتے ہیں۔ ہم این بی پی فیملی کی خبرگیری کرتے ہیں کیوں کہ ان میں سے اکثریت نے اپنی پوری زندگی این بی پی کے کسٹمرز کو خدمات فراہم کرتے ہوئے گزاری ہوتی ہے۔اس فیصلے کے ساتھ ہم کام کی جگہ کا ایک مفید کلچر متعارف کرا رہے ہیں تاکہ اس بات کا اظہار کرسکیں کہ بینک واقعی اپنے ملازمین کی قدر کرتا ہے اور اس قدردانی کو وہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جاری رکھتا ہے۔‘‘ اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر، سعید احمد نے کہا کہ پنشنروں نے اپنی ملازمت کے دوران قابل قدر خدمات انجام دی ہیں اور بینک کو ان خدمات پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے صدر کے طور پر اپنی تقرری کے فوراً بعد بینک کے پنشنروں اور دیگر اسٹیک ہولڈروں سے سے جو وعدہ کیا تھا وہ اس وعدہ کو پورا کرکے خوش ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام کسٹمرز جو این بی پی کی شاخوں کا دورہ کرتے ہیں، خواہ وہ پنشن وصول کرنے آتے ہوں یا تنخواہیں وصول کرنے آتے ہوں، اپنے بل ادا کرتے ہوں یا وہ ڈپازیٹرز یاقرضدارہوں،سب کے ساتھ لازماً احترام سے پیش آنا چاہیے اور برانچ منیجر لازماً اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان تمام لوگوں کو آرام دہ ماحول میں عمدہ خدمات فراہم کی جائیں۔ اس اعلان کی ایک کاپی پنشن ادا کرنے والی تمام برانچوں ، پنشنروں اور مرحوم پنشنروں کے اہل خانہ کو بھی ، ان کے بینک کے ریکارڈ پر موجودآخری معلومہ پتے پر،بھیجی جائے گی۔کسی دشواری کی صورت میں تمام متعلقہ افراد کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ضروری تصحیح کے لیے ایمپلائی بینیفٹ ونگ، ایچ آر سروسز ڈیویژن، ایچ آر منیجمنٹ گروپ، این بی پی ہیڈ آفس، کراچی سے رجوع کریں۔#/s#

مزید :

کامرس -