پہلی ششماہی، سنیماؤں میں 109 فلمیں نمائش کے لئے پیش

پہلی ششماہی، سنیماؤں میں 109 فلمیں نمائش کے لئے پیش

لاہور(فلم رپورٹر)رواں سال پہلی ششماہی کے دوران سنیماؤں میں کل 109 فلمیں نمائش کے لئے پیش کی گئیں جن میں 9 اردو ،9 پشتو، 6پنجابی ، ایک سندھی، ایک سرائیکی ، 34 بھارتی اور 49 انگریزی فلمیں شامل ہیں۔ گزشتہ دس سالوں کے دوران اتنی بڑی تعداد میں فلمیں ریلیز نہیں ہوئیں ۔قومی زبان کی فلموں میں ’’یلغار‘‘ اور ’’مہرالنسا وی لب یو ‘‘سب سے کامیاب ثابت ہوئیں۔

ان کا بزنس بھی ملکی فلموں میں سب سے زیادہ رہا ۔ فلم ’’کسے آواز دوں‘‘ حیدرآباد میں بنائی گئی تھی اس کی نمائش بھی حیدرآباد کے سینما گھر وں تک ہی محدود رہی ،پنجابی فلمیں پنجاب سرکٹ میں ہی نمائش پذیر ہوئیں ان میں مراثن نے اچھا بزنس کیا،پنجابی فلم ’’جٹ بادشاہ ‘‘کراچی میں بنائی گئی جوصرف ایک ہفتہ چل سکی۔ حیدرآباد میں بنائی گئی سندھی فلم گبران حیدرآباد ، حیدر آباد اور کوٹری کے سینما گھروں تک محدود رہی، سرائیکی فلم سجن سرائیکی ملتان اور سرائیکی پٹی کے سینما گھروں میں نمائش پذیر ہوئی۔ انگریزی فلم’’ فاسٹ اینڈ فیوریس 8 ‘‘بزنس کے اعتبارسے باکس آفس پر سب سے زیادہ کامیاب رہی ، دوسرے نمبر پر پاکستانی فلم’’ یلغار‘‘ اور تیسرے نمبر پر ’’مہرالنسا وی لب یو ‘‘ہیں۔

مزید : کلچر