امریکی تیراک مائیکل فلپس اور شارک کے درمیان مقابلہ جعلی نکلا

امریکی تیراک مائیکل فلپس اور شارک کے درمیان مقابلہ جعلی نکلا

واشنگٹن(نیٹ نیوز) اولمپکس سمیت متعدد مقابلوں میں حریفوں کی امیدوں پر پانی پھیرنے والے سوئمنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مائیکل فلپس گریٹ وائٹ شارک سے تیراکی کا مقابلہ ہار گئے تاہم اس مقابلے نے سوشل میڈیا پر نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔وائلڈ لائف ڈاکیومیٹریز پیش کرنے والے ڈسکوری چینل نے گزشہ ماہ اعلان کیا تھا کہ اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز رکھنے والے امریکی پیراک مائیکل فلپس اب گریٹ وائٹ شارک سے مقابلہ کریں گے اور اس مقابلے کو نشر بھی کیا جائے گا۔ لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ مائیکل فلپس اصل شارک کے بجائے کمپیوٹرائز شارک سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ڈسکوری پر نشر ہونے والی اس ریس میں مائیکل فلپس کو کمپیوٹر کی مدد سے تیار کی گئی شارک کے ساتھ ریس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ مصنوعی 100 میٹر ریس جنوبی افریقا کے ساحل پر منعقد کی گئی جہاں مائیکل فلپس نے مقررہ فاصلہ 38.1 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ نقلی شارک نے یہ فاصلہ 36.1 سیکنڈ میں طے کر لیا۔ ڈسکوری حکام کا کہنا ہے کہ وہ اصلی شارک کے ساتھ فلپس کو پانی میں اتارنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے تھے لہذا انہوں نے کمپیوٹر کی مدد سے شارک کی شبیہہ تیار کی اور گریٹ وائٹ شارک کے تیرنے کی رفتار کا ڈیٹا استعمال کیا اور اس کا موازنہ فلپس کی رفتار سے کیا جس کے تحت شارک کو فاتح قرار دیا گیا۔تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شائقین نے ڈسکوری چینل کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب تنقید کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی