ترک ماہرین کے تعاون سے ٹریفک مسائل حل کئے جائیں گے،عبداللہ سنبل
لاہور (جنرل رپورٹر) ٹریفک مسائل کے حل کے لیے سڑکوں کی کشادگی، تجاوزات کے خاتمے، سگنل فری روڈز کے قیام و دیگر جدید پیش رفتوں کو عمل میں لایا گیا ہے مگر ٹریفک روانی، ٹریفک انجینئرنگ کے لیے اور کئی مقامات پر ٹریفک جام کو دور کرنے کے لیے مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔ ترک ٹریفک ماہرین کی آراء و تجاویز کافی ممد ثابت ہوں گی۔ ترک ماہرین کو مختلف مقامات و سڑکوں کا دورہ بھی کرایا گیا ہے تاکہ وہ بھی اپنے طور پر ٹریفک مسائل کی نشاندہی کر سکیں۔ ترک ماہرین کے ساتھ تمام مسائل کا تحریری طور پر بھی تبادلہ کرکے لاہور میں ٹریفک مسائل کا ٹھوس حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار ترک ماہرین ٹریفک کے وفد کے ساتھ اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ ترک وفد میں نائم کاراتیپ ٹریفک مینجمنٹ، بیکی گیلس سٹی پلانرو ترک پولیس افسران شامل تھے۔ لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز، چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان، ایس ایس پی ٹریفک پنجاب سرفراز احمد، آمنہ منیر ڈپٹی سیکرٹری پولیس و دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔