لاہوریے راوی کا پانی پیئیں گے ، محکمہ انہار اور واسا کے مابین معاہدہ

لاہوریے راوی کا پانی پیئیں گے ، محکمہ انہار اور واسا کے مابین معاہدہ

لاہور(جاوید اقبال)دریا ئے راوی کے پانی کو کشید کرکے پینے کے قابل بنانے کے لیے محکمہ انہار واسا کو پانی دینے پر رضا مند ہو گیا ہے ۔اور محکمہ انہار اور واسا کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت انہار واسا کو روزانہ سو کیوسک پانی فراہم کرے گا واسا اس پانی کو قابل استعمال بنا کر اہل لاہور کو فراہم کرے گا ۔اس کے لیے واسا ڈنمارک ،فرانس،ملیشیا،چائنہ کے تعاون سے راوی اور نہر پر چھ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنا رہا ہے بتایا گیا ہے کہ انہار سے واسا کے موجودہ ایم ڈی زاہد عزیز سید نے گزشتہ دو ماہ سے مزاکرات کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا اور آخر کار دو ماہ کی مسلسل جدو جہد اور محنت گزشتہ روز رنگ لے آئی جو کام گزشتہ بیس سالوں سے زیر التوا تھا وہ انہوں نے کامیاب مذاکرات کرکے دو ماہ میں ہی مکمل کر دکھایا منگل کے روز ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاس میں معاملات طے پا گئے اجلاس کی صدارت مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان نے کی اجلاس میں واسا کی طرف سے ایم ڈی زاہد عزیز ،ڈی ایم ڈی فنانس اینڈ انجینئرنگ عبدالقدیر خان،ایل ڈی اے حکام جبکہ انہار کی طرف سے سیکرٹری آبپاشی اسد اللہ خان سمیت دیگر حکام شریک ہوئے اس دوران ایم ڈی واسا اور سیکرٹری انہار کے درمیان ون ٹو ون مذاکرات بھی ہوئے ۔سیکرٹری آبپاشی نے واسا کو ابتدائی مرحلہ میں سو کیوسک پانی پر ڈے دینے پر رضامندی ظاہر کر دی اور بعد ازاں معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے کے مطابق انہار سائفن کے مقام سے سو کیوسک پانی واسا کو فراہم کرے گا جس کو واسا اپنے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے پینے کے قابل بنائے گا اور اس کے بدلے میں واسا لاہور سے حاصل شدہ سیوریج اور برساتی پانی کو ٹریٹ کرکے فصلوں کو دینے کے لیے سو کیوسک پانی انہار کو واپس کرے گا۔اس کے لیے واسا نے راوی پر پہلا واٹڑ ٹڑیٹمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے ڈنمارک اور فرانس سے سرمایہ کاری کے لیے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے اس کے لیے گزشتہ دنوں ایم ڈی واسا اور سیکرٹری ہاؤسنگ خرم علی آغا اور ڈنمارک کے سفیر میں کامیاب مذکرات ہو چکے ہیں جس میں ڈنمارک ایک ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے پندرہ ارب روپے کی سرمایہ کاری کی آمادگی ظاہر کر چکا ہے اس کے لیے کل سرمایہ کاری کا 65 فیصد ڈنمارک بطور ایک فیصد مارک اپ پر قرض دے گا جبکہ 35 فیصد گرانٹ دے گا۔معاہدے کی تصدیق ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے گزشتہ روز پاکستان سے گفتگو کے دوران کی انہوں نے کہا کہ محکمہ انہار اور واسا کے درمیان معاملہ طے کروانے پر مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان کے مشکور ہیں یہ لاہوریوں کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہے سال کے آخر تک اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سو کیوسک روزانہ پانی دریا سے آئے گا جو سو فیصد صحت مند اور شفاف ہو گا اس سے پچاس ٹیوب ویل بند کر دیں گے اور لاہور میں نیچے جاتی ہوئی پانی کی رفتار میں بھی کمی واقع ہو گی ایم ڈی نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ آئندہ دو یا تین ماہ میں منصبوبے کے لیے ٹینڈر طلب کر لیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1