جابجا تجاوزات ، سیوریج ملا پانی اور گندگی ، یونین کونسل 232مسائل کا گڑھ بن گئی

جابجا تجاوزات ، سیوریج ملا پانی اور گندگی ، یونین کونسل 232مسائل کا گڑھ بن گئی

لاہور( سروے رپورٹ: دیبا مرزا: تصاویر :ندیم احمد) یونین کونسل 232ٹاؤن شپ تجاوزات کا گڑھ بن گئی تجاوزات کی بھرمار نے یونین کونسل کے رہائیشوں کا جینا محال کردیا ہے جا بجا لگی ریڑھیوں اور سڑک کے کنارے مختلف اشیاء فروخت کرنیو الوں نے قبضے جما رکھے ہیں جن کی سر پرستی ٹاؤن انتظامیہ کرتی ہے ۔متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ڈی سی او سے کہہ کر کئی مرتبہ یہاں پر آپریشن کروائے ہیں لیکن دو گھنٹے بعد یہ لوگ پھر واپس آجاتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں سے پیدل گزرنا بھی محال ہو چکا ہے اور ان لوگوں کی وجہ سے یہاں کے عوام کو ٹریفک کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے اس کے علاوہ بجلی کی لٹکتی تاریں بھی عوام کے لئے مسائل پیدا کررہی ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی کی بھی یہاں کے لوگوں کو اشد ضرورت ہے یہاں کے گھروں میں پانی تو آتا ہے لیکن سیوریج ملا پانی آتا ہے ۔اہل علاقہ سید حیدر رضا‘ لیاقت‘ عرفان علی‘نعمان ‘سجاد‘سہیل ‘دلاور حسین‘ چودھری مشتاق ‘بخاری شاہ‘ عدیم اجمل میاں ‘زیشان‘ محمد امین ‘ اقبال قادری ‘ آغا زاہد اقبال اور ظفر جاوید کا روز نامہ پاکستان کے سروے کے دوران کہنا تھا کہ یہاں پر مختلف قسم کے غیر ترقیاتی کام کروانے کی بھی ضرورت ہے یہاں گرین بیلٹ تو موجود ہے لیکن اس کی دیکھ بھال کے لئے ایک مالی کم ہے۔ یونین کونسل میں تین ٹیوب ویل موجود ہیں لیکن ان کی حالت خراب ہے ان کے بور بھی ٹھیک نہیں ہیں یہاں پر بجلی کی گولہ تاروں کا بھی بہت مسئلہ ہے اگر ان کو درست کر لیا جائے تو اس سے کافی حد تک بجلی چوری ہونے سے بھی بچ جائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جن میں پینے کا صاف پانی نیا سیوریج سسٹم سڑکوں اور گلیوں کی حالت کو بہتر کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1