دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن، ان کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے: سیاسی و مذہبی شخصیات جنوبی افریقہ

دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن، ان کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے: سیاسی و ...

جوہانسبرگ(موبائل فورم،فہیم شبیر سے) جنوبی افریقہ میں مقیم سیاسی ،مذہبی شخصیات اور برسرروز گار پاکستانیوں نے کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے۔روزنامہ’’پاکستان‘‘ کے موبائل فورم سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک بنونی کے رہنما رائے شہباز خان،پاکستان ساؤتھ افریقہ کے مرکزی سینئر نائب صدرامانت علی تارڑ،مسلم لیگ ن کے رہنماشہزاد بٹ،خالد سلہریا،راشد بشیر سیال،پاکستان تحریک انصاف جنوبی افریقہ کے رہنماؤں یاسین گھمن،ملک حماد،عطاء گوندل،ملک عامر،دانیال گھمن نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رہنماؤں نے شہید پولیس اہلکاروں اور دیگرافرادکے لواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔امانت علی تارڑ نے کہا کہ اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ جن سفاک درندوں نے معصوم انسانی زندگیاں چھینی ہیں ، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں اور دیگر شہریوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔رائے شہباز خان نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔شہزاد بٹ،خالد سلہریا،راشد بشیر سیال نے کہا کہ دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہواہے جس میں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد شہید ہوئے ہیں اورجن سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں، وہ اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ تحریک انصاف جنوبی افریقہ کے رہنماؤں یاسین گھمن،ملک حماد،عطاء گوندل،ملک عامر،دانیال گھمن نے کہا کہ شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور دیگر افراد کی عظیم قربانی کوسلام پیش کرتے ہیں، لاہور میں دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے۔دہشت گردی کے اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

مزید : عالمی منظر