قوم دہشت گردی کے عفریت کا سامنا کرنے کیلئے پرعزم ہے ‘حمز ہ شہباز

قوم دہشت گردی کے عفریت کا سامنا کرنے کیلئے پرعزم ہے ‘حمز ہ شہباز

لاہور (این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے لاہور جنرل ہسپتال میں فیر وز پور روڈ خودکش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی وہ ایمر جنسی اور نیورووارڈ میں زیر علاج زخمیوں کے پاس فرداً فرداً گئے اور ان سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔انہوں نے زخمیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں اپنی طرف سے گلدستے پیش کئے ۔ حمزہ شہباز نے لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیا ت سے متعلق بھی دریافت کیا اور انہیں بہترین علاج معالجے کی ہر ممکن سہولت بہم پہنچانے کی ہدایت کی ۔حمزہ شہبازکو لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ نے وہاں زیر علاج زخمیوں کی تفصیل اور انہیں دی جانے والی طبی سہولتوں سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاکہ ساری قوم دہشت گردی کے عفریت کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے اوردہشت گردوں کا بڑی حدتک قلع قمع کردیا گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر شہری چوکنا رہتے ہوئے پر عزم ہے اور انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر رہیں گے۔حمزہ شہباز نے لاہو رکے واقعہ پردلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔اس موقع پر حمزہ شہباز نے ایک خاتون کا مسئلہ بھی سنااور اس کے فوری حل کا یقین دلایا ۔لاہور جنرل ہسپتال سے واپس روانہ ہونے پر حمزہ شہباز نے اپنی گاڑی روک کر تین ایمبولینس گاڑیوں کو راستہ دیا اور مریضوں کو ان کی وارڈمیں پہنچانے کے بعد وہاں سے روانہ ہوئے ۔

مزید : صفحہ آخر