جلا لپور بھٹیاں سمیت ضلع بھر کی پولیس کی کارروائی ، 5گینگ گرفتار

جلا لپور بھٹیاں سمیت ضلع بھر کی پولیس کی کارروائی ، 5گینگ گرفتار

حافظ آباد،جلالپوربھٹیاں( ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندگان پاکستان)ڈی پی او حافظ آباد کی قیادت میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ جلالپور بھٹیاں پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس کی کاروائی کے دوران بین الاضلاعی ،بدنام زمانہ کمالو، شکیلو، دانو، افضلو اور نہانی گینگز گرفتار،گرفتار ملزمان میں جنرل سیکریٹری پریس کلب جلالپورکے بھائی کی دس لاکھ کی ہونے والی واردات ایس ایچ او جلالپوربھٹیاں کی کاوشوں سے ٹریس کر لی گئی۔41تولے زیور، لاکھوں روپے نقدی،شہزور ڈالا،پک اپ،موٹر سائیکل اور دیگر مال مسروقہ مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر سردار غیاث گل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ضلع بھرمیں جرائم پیشہ افراد بالخصوص منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیاہے۔ ایس ڈی پی او پنڈی بھٹیاں میاں محمد توصیف اور ایس ڈی پی او صدر سرکل رانا محمد اسلام کی سربراہی میں ایس ایچ اوجلالپور بھٹیاں اور تھانہ صدر حافظ آباد پولیس نے کاروائی کر کے کمالو، شکیلو،دانو، افضلو مویشی چوراور نہانی ڈکیت گینگز کو گرفتار کر لیاہے۔

تھانہ جلالپور بھٹیاں کے ایس ایچ او سرفراز انجم سیکھو اور ان کی ٹیم نے5 رکنی بدنام زمانہ دانی گینگ کے سرغنہ عدنان کو دیگر 3 ساتھیوں شاہد عمران، محمد امجد اور علی حسنین کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیاہے۔ ملزمان نے مختلف علاقوں میں راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔بین الاضلاعی کمالو گینگ کا سرغنہ محمد کمال اپنے دیگر 3 ساتھیوں محمد اشرف ، عمران قیصراور نوید کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کمالو گینگ کی خاتون رکن ریحانہ کوثر پہلے ہی گرفتار کر کے جیل بھجوائی جا چکی ہے۔ملزمان نے تفتیش کے دوران ضلع گوجرانوالہ ، گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں متعددڈکیتیوں کا انکشاف کیا ہے ۔تیسری کاروائی میں شکیلو گینگ کے 4 کارندے گرفتار کے لئے گئے ہیں۔ ملزمان میں محمد اشفاق، غلام عباس، ریاست علی اور نجم شہزاد شامل ہیں۔تھانہ صدر حافظ آباد پولیس نے افضلو مویشی چور گینگ کے سرغنہ افضل کو 2 ساتھیوں احسان اور عنصر کے ہمراہ گرفتار کر لیا ہے۔ایک اور کاروائی میں بدنام زمانہ نہانی گینگ کے کارندے امیر حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گینگ کاسرغنہ عابد عرف نہانی اور ثاقب عرف پٹاخہ زخمی حالت میں زیر حراست ہیں۔ملزمان کے قبضہ سے 41 تولے طلائی زیورات، شہزور ڈالا،پک اپ، 8 موٹر سائیکل ، موبائل فونز، 10 راس بھینسیں، گھریلو سامان، لاکھوں روپے نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے ولا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔

مزید : علاقائی