کیپٹن (ر) عارف نواز خان نئے انسکپٹر جنرل ، پولیس پنجاب تعینات

کیپٹن (ر) عارف نواز خان نئے انسکپٹر جنرل ، پولیس پنجاب تعینات
 کیپٹن (ر) عارف نواز خان نئے انسکپٹر جنرل ، پولیس پنجاب تعینات

  

لاہور (کرا ئم ر پو رٹر،اپنے کرائم رپورٹر سے )حکومت نے ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کو آئی جی پنجاب تعینات کر نے کے احکامات جاری کر دیے۔ پنجا ب پو لیس میں موجود افسران میں سب سے سنےئر اور امجد جاوید سلیمی کے بیج میٹ ہیں ،قائم مقائم آئی عثما ن خٹک کو عد لیہ کی جا نب سے نو ٹس لینے پرہٹا یا گیا تھا جس کے بعد عارف نواز کو آئی جی پی پنجا ب تعینا ت کردیا گیا ہے ۔ عارف نواز کا تعلق 14کا من سے ہے ۔کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز 1961ء میں پیدا ہوئے اور1986 ء میں بطور اے ایس پی پولیس سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔ان کا تعلق 14ویں کامن سے ہے۔ انھوں نے بطور اے ایس پی ایس ڈی پی او لودھراں ، پاکپتن اور فیروزوالہ شیخوپورہ میں فرائض سر انجام دیئے ۔انھیں1992 ء میں ایس پی کے عہدہ پر ترقی دے دی گئی اوروہ بطور ایس پی گوجرانوالہ ، راجن پور ، چکوال ،سرگودھااور خیبر پختونخوامیں فرائض سرانجام دیتے رہے ۔انھوں نے 2000ء میں ایس ایس پی ، 2009 ء میں ڈی آئی جی اور 2014 ء میں ایڈیشنل آئی جی کے عہدہ پر ترقی پائی اس دوران انھوں نے بہاولپور، فیصل آباد ،سپیشل برانچ ، وی وی آئی پی سیکیورٹی، ڈی آئی جی ٹریننگ پنجا ب ، بلوچستان اور سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہورمیں اہم عہدوں پر اپنے فرائض سرانجام دئیے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عا رف نواز نے روز نا مہ پا کستان سے ٹیلیفو ن پر خصو صی انٹر ویو دیتے ہو ئے کہا ہے کہ امن دشمن عناصر اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیاں پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کے حوصلے اور جذبے پست نہیں کرسکتیں ، کوٹ لکھپت فروٹ منڈی دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکار پنجاب پولیس کا فخر ہیں جن کی قربانی پولیس فورس کیلئے مشعل راہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی سفاک کاروائی میں ملوث عناصر کو بہت جلدبے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ جرائم پیشہ عناصرو اشتہاری مجرمان سے پاک کروانے اور شہریوں کے جان و مال و عزت کے دشمن ، پیشہ ور قاتلوں اور ڈاکوؤں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ حکومتی رٹ کو ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کیلئے بڑھتی آبادی اور گاڑیوں میں سالانہ اضافے کے مطابق اصلاحات کرتے ہوئے جامع پالیسی تشکیل دی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی میں درپیش رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ شاہرات پر ٹریفک نظام میں بہتری آسکے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی پنجاب پولیس کے جوان ملک و قوم کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شہدا کی قربانی نے پوری فورس کو نیا جوش اور ولولہ عطا کیا ہے اوراس بات کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ دھماکے کے فوری بعد شہید اور زخمی اہلکاروں کی جگہ پولیس کے دیگر جوان ڈیوٹی پر کھڑے دشمنوں کو یہ پیغام دے رہے تھے کہ ان کی بزدلانہ کا روائیاں ہمیں ملک وملت کے تحفظ سے نہیں روک سکتیں ۔کوٹ لکھپت فروٹ منڈی دھماکے کے سہولت کاروں کی نشاندہی اور جلد از جلد گرفتاری کیلئے لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں کومبنگ آپریشنز شروع کئے جا رہے ہیں اور بہت جلد معصوم شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک قاتل قانون کی گرفت میں ہونگے۔ رینجرز کی معاونت سے کچہ آ پریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور علاقے سے ڈاکوؤں اور اشتہاریوں کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انھو ں نے بتا یا کہا کہ بہادر اور فرض شناس افسران و اہلکار محکمے کا فخر اور پولیس فورس کیلئے مشعل راہ ہیں اور ایسے افسران و اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

مزید : صفحہ اول