پاکستان کے قیام، تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں تمام کمیونٹی کا کردار اہم ہے، گورنر سندھ

پاکستان کے قیام، تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں تمام کمیونٹی کا کردار اہم ہے، ...

کراچی(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں )گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے پاکستان کے قیام ، تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں تمام کمیونٹی کا کردار اہم ہے با لخصوص عیسائی کمیونٹی کے افراد شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مختلف با لخصوص شعبوں صحت و تعلیم میں اپنا منفرد کردار ادا کررہے ہیں ،محب وطن عیسائی کمیونٹی ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے ۔گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں New Apostolic Church کے ریورنڈ جان قادر(Rev John Qadir) کی سربراہی میں آنیوالے 13 رکنی وفد سے ملاقات میں جاری صورتحال ،معاشی ترقی میں کمیونٹیز کے کردار، عام آدمی کے طرز زندگی میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات ، امن و امان کے قیام ، غیر ملکی سرمایہ کاری اور نجی سیکٹر ز کے فعال کردار سے روزگار میں اضافہ، عیسائی کمیونٹی کے علاقوں میں ترقیاتی کام، حائل مشکلات کے خاتمہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا امن و امان کے قیام کے بعد وفاقی حکومت معاشی خوشحالی کے روڈ میپ پر کام کررہی ہے جس کے نتیجہ خیز نتائج سامنے آرہے ہیں ،صوبہ کی ترقی میں بھی وزیر اعظم خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اس ضمن میں صوبہ کے متعدد دورے کے دوران وزیر اعظم نے جیکب آباد ، ٹھٹھہ اور حیدرآباد کی ترقی کیلئے فنڈز جاری کئے ، کراچی کی ترقی کیلئے بھی کراچی ترقیاتی پیکج ترتیب دیا جارہا ہے ۔ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے جس کی ترقی و خوشحالی کا پورے ملک پر مثبت اثر مرتب ہوتا ہے ،امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، گورنر سندھ نے عیسائی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا خو شحا لی و ترقی کے سفر میں عیسائی کمیونٹی کی خدمات قابل تحسین ہیں ، وفاقی حکومت بلا تفریق عوامی خدمت کے وژن پر کام کررہی ہے پو رے ملک کی یکساں ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، صوبہ میں ترقیاتی کاموں میں عیسائی کمیونٹی کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

مزید : صفحہ آخر