لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2017 کے تحت نئے سروس رولز تیار کرلئے گئے
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2017 کے تحت نئے سروس رولز تیار کرلئے، ڈسٹرکٹ اور ٹی ایم اے کیڈرز ختم کرکے تمام افسران لوکل کونسل سروس کا حصہ بنا دئے گئے۔ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2017 کے تحت نئے سروس رولز تیار کئے گئے ہیں جن کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ اور ٹی ایم اے کیڈرز کو ختم کردیا گیا جبکہ ٹی ایم ایز کی تمام اسامیاں صوبائی سروس کا حصہ بنا دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے سروس رولز کے تحت محکمہ بلدیات کے افسران لوکل کونسل سروس کا حصہ ہوں گے جن کی پروموشن سنیارٹی کی بنیاد پر کی جائے گی،نئے سروس رولز کے تحت بھرتی ہونے والوں کے لئے تعلیمی قابلیت میں اضافہ کردیا گیاہے جبکہ بلدیاتی اداروں میں گریڈ 18 میں براہ راست بھرتیاں کی جائیں گی جس کے لئے گریڈ 18 اور گریڈ 19 کی سیٹوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے،نئے سروس رولز کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔