اتفاق ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت ، قوم شہدا ء کے خون کا بدلہ ضرور لے گی : شہباز شریف

اتفاق ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت ، قوم شہدا ء کے خون کا بدلہ ضرور لے گی : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اتفاق ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زیرعلاج کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور انہیں دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی فرداً فرداً خیریت دریافت کی اور اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ زخمیوں کی بہترین نگہداشت کی جائے اور ان کا مکمل صحت یابی تک ہرممکن خیال رکھا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے زخمی افراد کے لواحقین کو دلاسہ دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے پیاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور میں ذاتی طور پر ہسپتالوں میں زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز لاہور میں دہشت گردی کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں معصوم لوگوں اور پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسی لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی اقوام عالم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے اتفاق ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں کے ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہسپتالوں میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر میں ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکرگزار ہوں۔
شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ا جلاس منعقد ہوا ،جس میں کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں خود کش حملے کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی ۔اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز لاہور میں دہشت گردی کا انتہائی افسوسناک واقعہ ہواہے ،جس میں سفاک درندوں نے پولیس کے بہادر اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو درندگی کا نشانہ بنایا اوراس اندوہناک واقعہ نے پورے ملک کو سوگوار کیا اوراس المناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔انہوں نے کہاکہ شہید پولیس اہلکار اور شہری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔وطن کے امن کے لئے اپنی جانیں قربان کرنیوالوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ شہداء کے خاندانوں او ران کے بچوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کریں گے اور شہداء کے خاندانوں کا پوری طرح خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہم سب کو ملکر بھرپور اور موثر اقدامات کرنا ہیں اور اس ضمن میں وضع کردہ پلان پر من وعن عملدرآمدیقینی بنانا ہوگا۔صوبائی وزراء رانا ثنا ا للہ ، لیفٹیننٹ کرنل (ر) ایوب گادھی ،خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل پولیس، قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -