فیصل آباد تعلیمی بورڈ،میٹرک امتحان سالانہ2017کا نتیجہ77.94فیصد رہا

فیصل آباد تعلیمی بورڈ،میٹرک امتحان سالانہ2017کا نتیجہ77.94فیصد رہا

احمد پور سیال(نامہ نگار) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے زیراہتمام منعقد ہونے والے امتحان میٹرک سالانہ 2017ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جبکہ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے ناموں کا اعلان 24 جولائی 2017 ء کو شام 6 بجے کیا گیا تھا۔گزشتہ روز پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کیلئے انعامی (بقیہ نمبر14صفحہ12پر )

تقریب ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کی زیرصدارت منعقد ہو ئی جس میں سیکرٹری بورڈ خرم قریشی‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر کے علاوہ چوہدری نثار احمد جٹ مہمان خصوصی جبکہ میاں محمد رفیق ایم پی اے‘ فقیر حسین ڈوگر ایم پی اے‘ حاجی محمد الیاس انصاری ایم پی اے‘ فاطمہ فریحہ ایم پی اے‘ ثریا نسیم ایم پی اے‘ ڈاکٹر نجمہ افضل ایم پی اے‘ رانا ذوالفقار علی خاں وائس چیئرمین ضلع کونسل اور خالد پرویز ورک وائس چیئرمین ضلع کونسل مہمانان گرامی تھے تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے اساتذہ کرام‘ والدین‘ اداروں کے سربراہان سمیت دیگر ممتاز ماہرین تعلیم بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ امتحان میٹرک سالانہ 2017ء یکم مارچ سے شروع ہوا اور 29 اپریل 2017ء کو اختتام پذیر ہوا جس میں مجموعی طور پر 150955 طلباء و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 117649 پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 77.94 فیصد رہا۔انہوں نے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب طلباء نے اپنی محنت شاقہ‘ ذہانت اور قابلیت کے بل بوتے پر اپنے والدین اور اساتذہ کرام کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وہ والدین اور اساتذہ بھی لائق تحسین ہیں جن کی دعاؤں اور محنت کا ثمر آج یہ طلباء وطالبات وصول کر رہے ہیں۔ آپ نے جس جانفشانی اور عرق ریزی سے انہیں بہترین انداز میں زیور تعلیم سے آراستہ کیا اس پر ہم سب آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ و سیکرٹری بورڈ خرم قریشی کا بھی ممنون ہوں کہ جن کی جملہ مساعی اور حسن عمل سے آج اس تقریب کا انعقاد ممکن ہوا ادارہ کے افسران و اہلکاران نے انتھک محنت و کاوش کو بروئے کار لا کر حسب پروگرام نتائج مرتب کئے اور ہم اس قابل ہو سکے کہ آپ سب کے چہروں کی رونق اور فرحت و شادابی کا باعث بن سکیں۔اس موقع پر ممبرانِ صوبائی و قومی اسمبلی چوہدری ڈاکٹر نثار احمد جٹ‘ میاں محمد رفیق‘ فقیر حسین ڈوگر‘ حاجی الیاس انصاری‘ ڈاکٹر نجمہ افضل‘ محترمہ ثریا نسیم‘ محترمہ فاطمہ فریحہ نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کی طرف سے انہیں آن لائن فراہم کی جانے والی سہولیات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا ویژن بھی یہی ہے کہ طلباء وطالبات کو سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر ہو ہمیں ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے آٹومیٹڈ سسٹم کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ پنجاب بھر میں آٹومیشن اور طلباء وطالبات کو سہولیات کی فراہمی میں ایجوکیشن بورڈ تمام اداروں کے مقابلہ میں آگے ہے۔ آخر میں مہمانان گرامی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات میں میڈلز‘نقد انعام اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

فیصل آباد بورڈ نتیجہ

مزید : ملتان صفحہ آخر