تعلیم کا فروغ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح، ہزاروں سکول اپ گریڈ کئے

تعلیم کا فروغ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح، ہزاروں سکول اپ گریڈ کئے

ملتان،بہاولپور،ڈیرہ غازی خان(سٹاف رپورٹر،نمائندگان)تعلیمی بورڈز ملتان،بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں میٹرک سالانہ امتحان2017 کے نتائج کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزرا نغمہ مشتاق لانگ ملک اقبال چنڑ اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی قیصر عباس مگسی نے کہا کہ تعلیم کا فروغ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اساتذہ اور والدین بچوں کی تعلیم کیساتھ ساتھ انکی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں ملتان بورڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی نغمہ مشتاق لانگ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شعبہ تعلیم کے فروغ پر فوکس کیا ہے ۔ اس سلسلے میں صوبائی بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔50نئے کالج بنائے جا رہے ہیں جبکہ ہزاروں سکول اپ گریڈ کئے ہیں اور مزید کرنے کا منصوبہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباوطالبات ملک وقوم کا سرمایہ ہیں جنہوں نے آگے چل کر مملکت کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔تقریب سے خطاب کے دوران چیئر مین تعلیمی بورڈ ملتان پروفیسر ریاض ہاشمی نے کہا کہ امتحانی نظام کو فول پروف بنا دیا ہے ۔ ملتان تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے پیپرز دیگر بورڈز میں چیکنگ کے لئے بھجوائے جاتے ہیں ۔ نقل مافیا کے سد باب کے لئے بھی سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں ۔ نقل کرنے والوں کو میرٹ پر سزائیں دی گئی ہیں۔ تقریب میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ قاسم رضا‘ کنلرولر امتحانات حیدر گردیزی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز منصور شاہ‘ پنجاب تعلیمی بورڈز ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین ملک نثار نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نغمہ مشتاق لانگ اور چیئرمین تعلیمی بورڈملتان پروفیسر ریاض احمد ہاشمی نے پوزیشنزلینے والے طلباوطالبات میں انعامات تقسیم کئے ۔تقریب میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباوطالبات کے والدین اور متعلقہ اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے ۔بہاولپور سے بیورو رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنٹر نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نئی نسل ملکی ترقی کی ضامن ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ہر بچے کو یکساں تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی اوالین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن بہاولپور کے زیر انتظام میٹرک کے نتائج کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب میں ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی ، چیئرمین بورڈ پروفیسر رانا مسعود اختر، کنٹرولر پروفیسر اکرم تارڑ ، سیکرٹری راناعمران ارشد، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر محمود الحسن ، محکمہ تعلیم کے افسران ، اساتذہ ، والدین اور طلباء وطالبات موجود تھے۔ صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنٹر نے کہا کہ صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈ ز نے امتحانی نظام کو شفاف اور کمپیوٹر ائزڈ کر دیا گیا ہے جسکی بدولت بوٹی مافیااور امتحانات میں نقل کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسکے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کا سامنا ہے اور دہشت گرد ملک و قوم جمہوریت اور امن کے دشمن ہیں لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔صوبائی وزیرنے بتایا کہ بہاولپور میں ویمن یونیورسٹی کا علیحدہ کیمپس ، ہوم اکنامکس ویمن کالج ، ایگری کلچر یونیورسٹی ، ویٹرنری یونیورسٹی اور چولستان کے سکولوں کی اپ گریڈ یشن کا روان سال آغاز کر دیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر رانا مسعود اختر نے میٹر ک کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء وطالبات، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی صبر ودیانت،امن اور بھائی چارے کے فروغ سے ہمیں روشناس کراتی ہے اور دہشت گردی اور نفرت کے رحجان کے خاتمے کے لیے تعلیمی ادارے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں جہاں طلباء کو امن، محبت اور گلوبل ورلڈ کے نئے بیانیے سے ہمکنار کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہاول پور بورڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور آٹومیشن کے نتیجے میں20سے زیادہ شعبہ جات میں آن لائن سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں آن لائن رجسٹریشن، رول نمبر سلپ، نتائج، فیس چالان، شکایات کا نظام، اداروں کا الحاق، امتحانی مراکز کا اجراء ، پیپر چیکنگ کا نظام، مانیٹرنگ اور دیگر ضروری امور کی سہولیات آن لائن کمپیوٹر سسٹم پر فراہم کی جاتی ہیں جس کی بدولت غلطیوں کا امکان کم سے کم ہو جاتا ہے۔ قبل ازیں کنٹرولر امتحانات پروفیسر اکرم تارڑ نے امتحانی بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ اور نتائج کا اعلان کیا۔ تقریب سے ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی نے بھی اظہار خیال کیا اور کامیاب طلبا و طالبات ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دی۔ڈیرہ غازی خان سے بیورو رپورٹ،نمائندہ خصوصی کے مطابق چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ پنجاب سردار قیصر عباس خان مگسی نے کہاہے کہ حکومت پنجاب شرح خواندگی بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے . پوزیشن ہولڈرز کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات کے ساتھ دیگر اقدامات کیے جارہے ہیں . انہوں نے یہ بات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز کی تقسیم او رنتائج کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب نے پوزیشن ہولڈرز اور ہونہار طلبہ کو معاشرے میں نمایاں مقام دینے کیلئے گارڈ آف آنرز کے ساتھ ساتھ اہم ملکی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے دورے کرائے . لیپ ٹاپ ، وظائف سمیت دیگر انعامات سے نوازا گیااو ریہ سلسلہ جاری ہے . ایم این اے سردار جعفر خان لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت تعلیم دوست اقدامات کر رہی ہے . اساتذہ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ نوجوان نسل کی کردار سازی او رحب الوطنی پر توجہ دیں . رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے وزیر اعلی پنجاب سے منظوری لے لی گئی ہے اور اسی دور حکومت میں خواتین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے . ایم پی اے بیگم نجمہ ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس تقریب کو رزلٹ تقسیم کی بجائے شاباش تقریب کا نام دیتی ہیں . انہوں نے کہاکہ شاندار نتائج پر طلباؤطالبات کے ساتھ ساتھ والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں . چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز پر بالترتیب چار لاکھ ، تین لاکھ اور دو لاکھ روپے جبکہ پوزیشن ہولڈرز سکولوں کے اساتذہ کو بھی دو لاکھ ، ڈیڑھ لاکھ اور ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جا رہاہے . انہوں نے کہاکہ بورڈ میں چھ کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں . بینولٹ فنڈ 13لاکھ سے بڑھا کر 42لاکھ روپے کر دیاگیاہے . بورڈ میں امتحانات کے انعقاد سے لے کر رزلٹ کی تیاری تک شفافیت کو برقرار رکھا جاتا ہے . تقریب سے کنٹرولر امتحانات چودھری مشتاق علی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا . دریں اثنا مہمانوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے محمد عامر ، افرا احمد ، عائشہ بتول ، ولیجہ بلال ، ہادیہ بشیر ، ماورا زاہد ، محمد عبدالرحمن ، محمد اویس حمید قرنی ، عائشہ بتول ، آمنہ بشیر ، ماہا اکبر بلوچ ، محمد عدنان ، محمد عمر ، بیورغ ، ارم منظور ، ایشا ایاز ، ماریہ تبسم کو لیپ ٹاپ، میڈلزاور نقد انعامات دیئے گئے . علاوہ ازیں پوزیشن ہولڈرز سکولوں کے اساتذہ کو بھی انعامات دیئے گئے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر