وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس

وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی زیر صدارت کراچی میں امن و امان کی تازہ ترین صورت حال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، اے آئی جی ٹریفک، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ،ایس ایس پی ملیر، ڈی آئی جی ایسٹ سمیت اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ شہر میں ہونے والے دہشت گردی کے پے درپے واقعات کو فوری طور پر روکا جائے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ سندھ نے دہشت گردوں کے ساتھ کسی بھی طرح کی رعایت نہ برتنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی آئے روز شہادت لمحہ فکریہ ہے اور عوام کے محافظوں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔وزیر داخلہ سندھ نے اس موقع پر تمام پولیس اہلکاروں کی ترتیب وار اسلحہ ٹریننگ اور ریفریشر کورسز کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس، سی ٹی ڈی سمیت تمام رینج کے جوانوں کو مرحلہ وار جدید ٹریننگ اور شوٹنگ پریکٹس کروائی جائے اور جدید اسلحے اور دفاعی آلات سے بھی لیس کیا جائے۔ سہیل انور خان سیال کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ شب کئے جانے والے آپریشن کی ستائش کی گئی اور کہا گیا کہ پٹرولنگ پر مامور پولیس موبائلوں کے ساتھ فوری ایکشن کے لئے موٹر سائیکلوں پر بھی پولیس اہلکار موجود موجود ہونے چاہئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے خاص ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی پر مامور ٹریفک اہلکاروں کو ہر صورت علاقہ پولیس کی مدد و مشاورت ملنی چاہئے اور دوران ڈیوٹی ایس و پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ دوسرے صوبوں کیمقابلے میں حکومت سندھ پولیس اور سیکورٹی اداروں کے لئے بجٹ کا بڑا حصہ مخصوص کرتی ہے لہذا بہترین اور فوری نتائج کا حصول جلد از جلد ممکن ہونا چاہئے۔ سہیل انور خان سیال نے اس موقع پر سندھ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر و جاں نثار پولیس افسران نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر شہادت کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور سندھ حکومت شہدا کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ وزیر داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئیکہا کہ پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور امن دشمنوں کے خلاف پوری شدت کے ساتھ کریک ڈاون کا آغاز کیا جائے۔ وزیر داخلہ سندھ نے ہر تھانے کی مستقل بنیادوں پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو سہولت اور آسانی پہچنانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور شر انگیزوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔