27 جولائی کو ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کا افتتاح ہوگا، میئر کراچی

27 جولائی کو ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کا افتتاح ہوگا، میئر کراچی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ 27 جولائی کو ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کردیا جائے گا،کراچی شہر کا ایک دیرینہ مسئلہ حل کردیا گیا ہے،شہر میں مختلف جگہوں پر کھڑے کئے جانے والے تمام آئل ٹینکرز ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل پر منتقل کئے جائیں گے، توقع ہے کہ آئل ٹینکرز مالکان ہم سے تعاون کریں گے،افتتاحی تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیںیہ بات میئر کراچی وسیم اخترنے منگل کے روز سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز کے ہمراہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی اصغر عباس شیخ، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ مختار حسین، ایکسئین ذوالفقار آباد ٹرمینل منظور برنی،ڈائریکٹر الیکٹریکل ورکس شفیع چاچڑ، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن ایس ایم طحہٰ ، آئل مارکیٹنگ کمپنی کے نمائندے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔میئر کراچی نے ٹرمینل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں آئل ٹینکرز مالکان ، ڈرائیوروں اور دیگر متعلقہ افراد کے لئے فراہم کی گئی سہولیات دیکھیں اور افسران کو ضروری ہدایات دیں انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے لئے اب یہ ٹرمینل ہر لحاظ سے تیار ہے ، امید ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کے فعال ہونے سے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگااور ٹینکرز کی پارکنگ کے باعث شہریوں کو درپیش مسائل حل ہوجائیں گے جبکہ ٹینکرز مالکان اور ڈرائیوروں کو بھی اپنے روزمرہ امور میں سہولت ملے گی، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل پر فائربریگیڈ اسٹیشن ، ڈسپنسری ، ریسکیو یونٹ اور کینٹین قائم کردی گئی ہے جبکہ ٹینکرز کی پارکنگ کے لئے مخصوص کی گئی وسیع جگہ کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس اور ٹینکرز ریپیئرنگ کی شاپس سمیت دیگر سہولیات بھی یہاں مہیا کی گئی ہیں جس سے توقع ہے کہ آئل ٹینکرز کے مالکان اور ڈرائیورز کو تمام سہولتیں پارکنگ ٹرمینل پر ہی دستیاب ہوجائیں گی، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بنائے گئے نظام کے تحت آئل ٹینکرز کی فلنگ کے لئے چھ ٹائم زون مقرر کئے گئے ہیں اور ہر چار گھنٹے کے بعد آئل ٹینکرز کو فلنگ کے لئے بھیجا جائے گا،سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے اس موقع پر کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آئل ٹینکرز کی منتقلی میں بھرپور مدد فراہم کر رہے ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق شہر سے آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے خاتمے کے لئے ذوالفقار آباد میں آئل ٹینکرز ٹرمینل قائم کیا گیا ہے کیونکہ مختلف مقامات پر آئل ٹینکرز کی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک میں پڑنے والے خلل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لئے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں آئل ٹینکرز کی مکمل طور پر منتقلی ضروری تھی، انہوں نے کہا کہ ٹرمینل میں 2375آئل ٹینکرز پارک کرنے کی گنجائش ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لئے مختلف قسم کا انفراسٹرکچر دستیاب ہے، اس کے علاوہ ٹرمینل میں 128 بیت الخلاء ، پولیس چوکی، ٹائر شاپس، مساجد، وضو خانے، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور ڈرائیورز کے آرام کرنے کے لئے جگہ بھی مختص کی گئی ہے یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 120 ایکڑ رقبہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ اور 30 ایکڑ رقبہ دیگر سہولیات کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔