ملک اس وقت بین الاقوامی قوتوں کی سازش میں پھنسا ہوا ہے،حاجی غلام احمد بلور

ملک اس وقت بین الاقوامی قوتوں کی سازش میں پھنسا ہوا ہے،حاجی غلام احمد بلور

پشاور (کرائمز رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور قومی اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر الحاج غلام احمد بلور نے لاہور دھماکے میں شہید ہونیوالے افراد اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت بین الاقوامی قوتوں کی سازش میں پھنسا ہوا ہے جس میں ہمارے ملک کے کچھ سیاسی ادار بھی شامل ہو گئے ہیں مملکت خداداد کے خلاف سازش کی بنیاد اس وقت ڈالی گئی جب پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا کہ ہم یمن کے خلاف اپنی افواج نہیں بھیجیں گے مگر یہ فیصلہ اس وقت کے حالات کے مطابق صحیح تھا مگر اس کے نتائج اچھے نہیں نکلے ہمارے اپنے ہی دوست ہم سے ناراض ہوئے تھے وہ بین الاقوامی قوتیں جو دہشت گردی کیخلاف برسر پیکار ہیں وہ بھی ناراض ہو گئے انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم کو مسلم سربراہ کانفرنس جو سعودی عرب میں منعقد ہوا تھا اس کو وہ عزت نہیں دی گئی جو ان کو دینی چاہئے تھی اور ان کو تقریر کرنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا جو اسی سازش کی ایک کڑی ہے جس کے بعد امریکہ نے ہم پر امداد بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا ملک کے اندر معاشی حالات بھی دگرگوں ہیں ایسے حالات میں اگر ہم پر بیرونی امداد بند ہو گئی تو ہمارے لئے برا ہو گا ہمارے ملک میں غربت‘ مہنگائی‘ بیروزگاری‘ سیاسی بے چینی اور دہشت گردی ہے ان حالات میں تمام سیاسی پارٹیوں کو اپنے سیاسی و ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی سالمیت اور قوم کی ترقی کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے ‘ موجودہ تشویشناک حالات کیلئے تیار رہنا چاہئے اگر ہم ایک دوسرے کی پگڑیاں اسی طرح اچھالتے رہے تو دشمن ہمیں بہت برے حالات سے دو چار کریں گے‘ ہمارے اداروں کو بھی چاہئے کہ وہ ملک و قوم اور جمہوری اداروں کو بچانے کیلئے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لا کر ایک دوسرے کے ساتھ ممکن ہم آہنگی اختیار کریں

 

مزید : پشاورصفحہ آخر