نہروں کی صفائی کے حوالے سے عوامی آگاہی ناگزیر ہے :ڈپٹی کمشنر مردان

نہروں کی صفائی کے حوالے سے عوامی آگاہی ناگزیر ہے :ڈپٹی کمشنر مردان

مردان(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ نہروں اور ان کے کناروں پر تجاوزات کی وجہ سے ٹیل تک پانی نہیں پہنچ پاتا اور اس سے سیلابوں کا خطرہ بھی رہتا ہے ۔ کھیتوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نہروں کے کناروں اور کینال پٹرول روڈز پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور آبیانے کے بقایا جات کی وصولی کے لیے محکمہ آبپاشی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا جبکہ نہروں کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے عوامی شعور اُجاگرکیا جائے گا ۔وہ صاف پانی کے موضوع پرمحکمہ آبپاشی مردان سرکل اور واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کمپنی مردان کے باہمی تعاون سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔سیمینار سے تحصیل ناظم ایوب خان، پریس کلب مردان کے صدر ایم بشیر عادل، محکمہ آبپاشی کے ایڈیشنل سیکر ٹری فرہاد خان، سپرنٹنڈنگ انجنیئر عبدالولی خان یوسفزئی ، ڈبلیو ایس ایس ایم کے چیف ایگزیکٹیو انجنیئر ناصر غفور ،آئی آر ایس پی کے ادریس ، ڈسٹرکٹ خطیب مردان مفتی جمیل ، کاشتکار رہنما ڈاکٹر فیض محمد خان اور ڈپٹی کلکٹر اجمل خان نے بھی خطاب کیا ۔سیمینار میں بلدیاتی کونسلروں ، کاشتکار نمائندوں ، غیر سرکاری تنظیموں کے عہدیداروں اورسرکاری افسروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ایس ای مردان ایریگیشن سرکل عبدالولی خان یوسفزئی نے کہا کہ نہروں پر ناجائز تجاوزات کرنے والوں کو پہلے نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ہمارا فرض ہے کہ رضاکارانہ طور پر قومی مفاد میں تجاوزات ختم کریں اور مالیہ ادا کریں مردان میں مالیہ اکٹھا کرنے کے لیے بجلی اور گیس کی طرز پر بلنگ سسٹم بنا یا گیا، اُنہوں نے کہا کہ گرین پاکستان منصوبے کے تحت مردان میں نہروں کے کنارے شیشم کے لاکھوں درخت لگائے جارہے ہیں ۔ناصر غفور نے کہا کہ ایشین بنک کے تعاون سے مردان میں صاف پانی کی فراہمی اور نہروں میں جانے والے گندے پانی کے لیے متبادل نظام پر بات چیت جاری ہے ۔ تحصیل ناظم ایوب خان نے کہا کہ مردان میں صحت وصفائی اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے دس ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے ۔ایم بشیر عادل نے کہا کہ صاف پانی اور نہروں کی صفائی کے حوالے عوامی شعور اُجاگر کرنے کے لیے میڈیا بھرپور تعاون کرے گا ،فیض محمد خان نے کہا کہ مردان ایریگیشن سرکل کے ایس ای عبدالولی خان یوسفزئی نے ایک قومی کاز کو اُجاگر کرنے کا بیڑہ اُٹھا یا ہے جس میں عوام اور تمام ادارے ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر مردا ن کی قیادت میں ایک واک بھی کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر