جمرود ،حادثات پرقابو پانے کیلئے سکیورٹی دوبارہ فعال
جمرود( نمائندہ خصوصی ) جمرود میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات پر قابو پانے کیلئے ٹریفک سکواڈدوبارہ فعال کر دیا گیا۔اس سلسلے میں جمرود اے پی اے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں قبائیلی مشران کے علاوہ اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ محمد ریاض نے بحال کیے جانے والے ٹریفک اہلکاروں میں وردی تقسیم کی۔ جمرود بازار میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پر قابوں پانے کیلئے اور ٹریفک اہلکاروں کو ٹریفک نظام کے جدید مہارتوں سے آگاہ کرنے کیلئے جمرود پولیٹکل انتظامیہ نے ہمایون آفریدی کو جمرود ٹریفک انچارج مقرر کیا۔ اس موقع پر اے پی اے محمد ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک حادثات میں کمی اور ٹریفک کے نظام میں نظم و ضبط پیدا کرنے کیلئے یہ اقدام اُٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک نظام اور عوام کے بہتر مفاد کیلئے جمرود پولیٹکل انتظامیہ ہر ممکن اقدام اُٹھائے گی۔