حکمران صادق اور امین نہیں توکرپشن کیسے روکے گی، حافظ عاکف سعید
کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکمران خاندان کا عدالت عظمیٰ میں جعلی دستاویزات پیش کرنا اخلاقی اقدار کے زوال کی انتہا ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ ہمارے معاشرے کی صحیح عکاسی ہے۔ جب ہماری اشرافیہ اس نوعیت کے جرائم میں ملوث ہو گی تو ماتحت اداروں اور عوام کو ایسے جرائم کے ارتکاب سے کیسے روکا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر حکمران خود صادق اور امین نہیں ہوں گے تو وہ تمام جرائم اور بد عنوانیوں یعنی کرپشن، ٹیکس چوری وغیرہ سے دوسروں کو کیسے روک سکیں گے؟ اُنہوں نے کہا کہ یہ تمام بدعنوانیاں اُس وقت تک نہیں رک سکتیں جب تک ملک میں اسلامی نظام قائم نہیں ہو گا۔ اسلامی نظام وہ واحد نظام ہے جو چھوٹے بڑے اور غریب و امیر کے امتیاز کو ختم کرتا ہے اور بلا تفریق انصاف کی فراہمی کو ممکن بناتا ہے۔