گالے ٹیسٹ: شیکھر دھون اور چتیشور پجارا کی شاندار سنچریاں، پہلے روز کے اختتام پر بھارت نے 399 رنز بنا لئے
گالے (ڈیلی پاکستان آن لائن)گالے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بھارت نے شیکھر دھون اور چتیشور پجارا کی عمدہ سنچریوں کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنا لئے ہیں۔
گالے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اوپنر موکنڈ صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم شیکھر دھون نے جارحانہ اور عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 190 رنز کی اننگز کھیلی۔ چتیشور پجارا نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور 144رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ ہیں جبکہ کپتان ویرات کوہلی بھی 3 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جو دوسرے روز نامکمل پہلی اننگز کا آغاز کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔ چیمپنز ٹرافی کی فاتح ٹیم نے طویل عرصے دوبارہ ٹریننگ شروع کردی
میچ میں سری لنکا کو اپنے سٹار مڈل آرڈر بلے باز اسیلا گونارتنے سے اس وقت ہاتھ دھونا پڑا جب وہ سلپ میں شیکھر دھون کا کیچ پکڑنے کی کوشش میں بائیں ہاتھ کا انگوٹھا بری طرح زخمی کروا بیٹھے۔ انجری کی نوعیت اس قدر شدید تھے کہ انہیں فوراً سرجری کے لئے کولمبو کے ہسپتال بھیج دیا گیا۔
سری لنکا کی جانب سے نووان پرادیپ نے تینوں وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی باﺅلر وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔ سیر سپاٹے ختم ، پھر کھیل شروع ،آرتھر کی ”تھپکی “سے کرکٹرز کو جگانے کی تیاری
یاد رہے کہ میچ کیلئے بھارتی ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شیکھر دھون، ابھیناو موکنڈ، چتیشور پجارا، اجنکیا ریحانے، ہردیک پانڈیا، وردھیومن ساہا، روی چندرن ایشوین، رویندرا جدیجہ، اومیش یادیو اور محمد شامی شامل ہیں۔ ہردیک پانڈیا اس میچ سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کر رہے ہیں۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت رنگانا ہیراتھ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لاہیرو کمارا، دیموتھ کرونا رتنے، دنوشکا گوناتھیلاکا، نیروشن ڈیکویلا، کوشل مینڈس، نووان پرادیپ، اسیلا گونارتنے، اوپل تھرنگا، دلرووان پریرا اور اینجلو میتھیوز شامل ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے دنوشکا گوناتھیلاکا اپنے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔