پنجاب پولیس تمام وسائل بروئے کار لا کروطن دشمن عناصر سے نمٹے گی ، آئی جی پنجاب عارف نواز خان

پنجاب پولیس تمام وسائل بروئے کار لا کروطن دشمن عناصر سے نمٹے گی ، آئی جی ...
پنجاب پولیس تمام وسائل بروئے کار لا کروطن دشمن عناصر سے نمٹے گی ، آئی جی پنجاب عارف نواز خان

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کرکے سماج دشمن عناصر کوجلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے گا ، ملک سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ انکی پہلی ترجیح ہے جس کیلئے پنجاب پولیس اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پہلے سے بھی زیادہ بہتر طریقے سے وطن دشمن عناصر کے خلاف جاری جنگ لڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس میں سینئر افسران کے ساتھ پہلی میٹنگ میں کیا ۔

آئی جی پنجاب نے میٹنگ میں سینئر افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور محنت ، دلجمعی اور فرض شناسی سے ادا کریں جرائم کے خاتمے اور تفتیش کیلئے ٹیم ورک اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر اور گروہوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے اور عوام کی سہولت کیلئے پولیس نظام میں جہاں بہتری کی گنجائش ہے اس پر بلا تاخیر عمل در آمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے مورال کو بلند کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ افسران و جوان نئے جوش اور ولولے کے ساتھ فیلڈ میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔انہوں نے افسران کو خاص طور پر ہدایت کی کہ فورس کی ویلفئیر سے متعلق کیسز کو حل کرنے میں قطعی تاخیر نہ کی جائے اور تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں ویلفئیر کیسز ترجیحی بنیادوں پرجلد از جلد نمٹائیں۔آئی جی پنجاب نے شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور فرائض کی ادائیگی میں آئندہ بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

میٹنگ میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، امجد جاوید سلیمی، ایڈیشنل آئی جی آئی اینڈ وی، اعجاز شاہ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، شعیب دستگیر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی آپریشنز پنجاب، محسن حسن بٹ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب، بی اے ناصر، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی، احمد اسحاق جہانگیر، ڈی آئی جی ٹریفک، فاروق مظہرڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن، احسان طفیل، ڈی آئی جی ٹریننگ، سعد اختر بھروانہ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو، سلمان چوہدری، ڈی آئی ایس پی یو، فیصل علی رانا، ڈی آئی جی ویلفیئر، وسیم سیال، ڈی آئی جی ڈویلپمنٹ، کامران خان، ڈی آئی جی آئی ٹی، ہمایوں بشیر تارڑاور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون، سید خرم علی شاہ کے علاوہ سی پی او کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے قبل سنٹرل پولیس آفس آمد پر آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی، سلامی کی تقریب میں سی پی او کے تمام سینئر افسران بھی موجود تھے .

مزید : جرم و انصاف