یہ وقت اتحاد و اتفاق کا ہے، نفاق کا نہیں ,قوم نے پہلے بھی عدم استحکام کی ہر کوشش کو ناکام بنایا ، آئندہ بھی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی:شہباز شریف

یہ وقت اتحاد و اتفاق کا ہے، نفاق کا نہیں ,قوم نے پہلے بھی عدم استحکام کی ہر ...
یہ وقت اتحاد و اتفاق کا ہے، نفاق کا نہیں ,قوم نے پہلے بھی عدم استحکام کی ہر کوشش کو ناکام بنایا ، آئندہ بھی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی:شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے مل کراسے آگے لے کر جانا ہے، دہشت گردی،انتہاپسندی اور فرقہ واریت پاکستان کے عوام کا مقدر نہیں اور نہ ہی ملک میں  ایسے ناسور کی کوئی گنجائش ہے، پاکستانی بہادر و دلیر قوم اور  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں اپنی جگہ مسلمہ ہیں،دہشت گردی کا چیلنج جتنا بڑا، پاکستانی قوم کا عزم اس سے زیادہ بلند ہے،دہشت گردی کے عفریت کو ہر قیمت پر شکست دے کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اتحاد و اتفاق کی طاقت سے دہشت گردوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کا مکمل صفایا کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسران، جوانوں، ان کے بچوں، پولیس کے افسران، اہلکاروں اور سیکورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں عوام کا لہو بھی شامل ہے، وطن عزیز کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدلوں کا ساتھ دینے والے بھی عبرتناک انجام کے مستحق اور انہیں کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں بلکہ یہ سفاک درندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں شہید ہونے والے افراد کی زندگیاں تو نہیں واپس لائی جاسکتیں لیکن شہداء کے قیمتی خون کا بدلہ ہر قیمت پر لیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری بقا کی جنگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معمولی جنگ نہیں ہماری بقاء، ہماری نسلوں اور ہماری سلامتی کی جنگ ہے اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی قوم کے پختہ ارادوں کو کبھی کمزور نہیں کرسکتیں۔انہو ں نے کہا کہ ہمارا دشمن وطن عزیز کے خلاف سازشیں کر رہا ہے لیکن پاکستانی قوم دشمن کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی، قوم نے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے پہلے بھی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف دشمن ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے تو دوسری طرف بعض شکست خوردہ سیاسی عناصر محض اپنی جھوٹی انا کی خاطر ترقی کی شاہراہ پر گامزن پاکستان کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ وقت اتفاق اور اتحاد کا ہے، قوم میں نفاق ڈالنے کا نہیں ، لہٰذا ہم سب کو پاکستان کیلئے سوچنا ہے اور پاکستان کیلئے ہی جینا مرنا ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔

مزید :

قومی -