شفاف انتخابات پر فوج اور الیکشن کمیشن کو مبارکباد،شجاعت ،پرویزالٰہی

شفاف انتخابات پر فوج اور الیکشن کمیشن کو مبارکباد،شجاعت ،پرویزالٰہی

لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ انتخابات صاف اور شفاف تھے، پاک فوج اور الیکشن کمیشن کو الیکشن کا ماحول پرامن بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وہ میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ دونوں رہنماؤں نے گجرات میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف اندر ہوں یا باہر انتخابات میں محب وطن قوتوں کو آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کا بروقت انعقاد بڑی اچھی بات ہے ہم نے صاف شفاف پولنگ دیکھی ہے، نتائج کیا ہوں گے یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے لیکن ملک و قوم کے مسائل محب وطن قوتیں ہی حل کر سکتی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ووٹرز بڑی تعداد میں نکلے ہیں، ہمارے حلقہ میں ووٹرز لسٹوں کا مسئلہ سامنے آیا، پولنگ اسٹیشن کی لسٹیں کسی دوسرے سٹیشن پر لگ گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن پہلی دفعہ شفاف طریقہ سے ہوتا رہا اور کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، پاک فوج کے علاوہ پولیس نے الیکشن کا ماحول پرامن بنانے کیلئے بڑا کام کیا جس پر وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامات کے باعث 38 سال میں پہلی دفعہ ووٹرز نے خود کو محفوظ محسوس کیا۔

چودھری برادران

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اہل گجرات نے ہمارے ساتھ تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے، ہم گجرات کے علاوہ تلہ گنگ اور بہاولپور میں واضح اکثریت سے جیت رہے ہیں، حسین الٰہی کی لیڈ 40 ہزار سے اوپر ہے۔ دونوں قائدین نے اس امر کا اظہار اپنی یقینی کامیابی کے بعد بہت بڑے پرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو اْن کی کامیابی پر اظہار مسرت کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں اور اہل گجرات کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ہم انشاء اللہ لوگوں کی خدمت کا وہ سلسلہ نہ صرف جاری رکھیں گے بلکہ آگے بڑھاتے رہیں گے جو ہمارے بزرگوں نے شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی 38 سال کی سیاست میں شہر والوں نے جس محبت کا عملی اظہار کیا وہ تاریخ کا حصہ ہے، ہم آپ کی محبتوں کے باعث گجرات شہر سے بھی جیتے ہیں، میں کافی پولنگ سٹیشنوں پر گیا لوگوں نے روک کر کہا کہ وہ ہمیں ووٹ ڈالنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلہ گنگ چکوال میں بھی لیڈ بہت زیادہ ہے، پولنگ سٹیشنز کافی ہیں ابھی مکمل نتائج آنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اہل گجرات کے ہاتھ چومیں کیونکہ انہوں نے اپنے دل میں موجود محبت کا مثالی اظہار ووٹ کی پرچی پر مہر لگا کر کیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...