دھاندلی کے الزام ، عمران خان نے جو بیج بویا خود کاٹنا ہو گا
تجزیہ : ایثار رانا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف نے الیکشن رزلٹس کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ان کی اس کانفرنس میں دراصل آنیوالے دنوں کی مکمل تصویر کشی کرتی نظر آرہی ہے۔ دھاندلی دھاندلی کا وہ میچ جو عمران خان نے نواز حکومت کیخلاف شروع کیا تھا۔ شہباز شریف نے اس میچ کو اس جگہ سے شروع کیا، جہاں سے عمران خان نے چھوڑا۔ آنیوالے دنوں میں سیاسی کشمکش اپنے عروج پر ہوگی۔ میں ایک عرصے سے کہتے آرہا تھا عمران خان جو بیج بو رہے ہیں، ایک دن اسے کاٹنا ہوگا۔ جو کچھ انہوں نے اپوزیشن میں کیا، اب حکومت میں اسے بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔ شہباز شریف کی پریس کانرنس سے پہلے پیپلز پارٹی کے رضا ربانی اور شیری رحمان دھاندلی کے الزام کا آغاز کرچکے ہیں۔ ایم کیو ایم بھی انتخابی نتائج پر اپنے تحفظات کا اظہار کر رہی ہے۔ لگتا ہے پوری دنیا بدل چکی ہے، لیکن پاکستان میں انتخابات اور اس کے بعد کی صور تحا ل کبھی نہیں بدلے گی۔ انتخابی رزلٹ آنے سے چند لمحے پہلے تک سب جگہ امن سکون تھا لیکن جیسے جیسے نتائج آنا شروع ہوئے، آوازیں بھی بلند ہونے لگیں۔ دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا بیان بھی موجودہ حالات میں خاصا معنی خیز ہے۔ بے شک پاکستانی قوم نے ان تمام غیر ملکی فورسز کو پیغام دے دیا ہے کہ ہمیں نامساعد حالات میں بھی آگے بڑھنا آتا ہے، لیکن سوال پیدا ہوتا ہے کیا ہمارے سیاستدان بھی پوری دنیا کیلئے کوئی مثبت پیغام دینے کے موڈ میں ہیں یا نہیں۔
تجزیہ : ایثار رانا