کورونا کے دنوں میں نرسوں کی کارکردگی مثالی رہی،کوثر تسنیم

کورونا کے دنوں میں نرسوں کی کارکردگی مثالی رہی،کوثر تسنیم

  

لاہور(جنرل رپورٹر)چیف نرسنگ سپر نٹنڈ نٹ سروسز ہسپتال کوثر تسنیم نے کہا کہ نرسوں نے کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی بہتر نگہداشت کر کے علاج معالجہ میں ہسپتال کا گراف بلند کیا اور نیک نامی کی سبب بنی جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے نرسنگ سٹاف زور دیا کہ وہ اسی جذبے اور پیشہ وارانہ لگن سے اپنے فرائض منصبی ادا کرتی رہیں۔ مریضوں و اُن کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے،دیکھ بھال پر توجہ دینے اور وارڈ کی بہتر مینجمنٹ کو یقینی بنانے والی سسٹر انچار ج کو ہر ماہ تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔

تاکہ اُن کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرے لئے اس ہسپتال کی تمام نرسیں برابر ہیں،ان کے تمام جائزکام میرٹ پر ہوں گے اورکسی کو بھی دفتری امور کے لئے سفارش کرانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ کوثر تسنیم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق کوالٹی ہیلتھ کئیر کو یقینی بنانے کے لئے ہمیں ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہوگاجس سے ادارے کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام نرسوں کے لئے میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں جس کو بھی کوئی دفتری کام میں مشکل درپیش ہو وہ بلا جھجھک میرے دفتر آ سکتی ہیں۔چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ہاسٹل میں رہائش پذیر نرسز کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے بھی واضح پالیسی مرتب کر لی ہے تاکہ انہیں بھی بہترسہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ میں موومنٹ رجسٹر رکھا جائے گا تاکہ ڈیوٹی پر مامور نرس اُس وارڈکو چھوڑنے یا کسی بھی دفتر جانے سے قبل اندراج کرنا ہو گا۔کوثر تسنیم نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ انتہائی مقد س ہے اکثر اوقات مریض انتہائی تشویشناک حالت میں لائے جاتے ہیں اُن کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے کیونکہ ڈاکٹر سے زیادہ لوگ نرسوں پر اعتماد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معالج کا کام ادویات تجویز کرنا ہوتا ہے جبکہ نرسنگ سٹاف راؤنڈ دی کلاک مریضوں کی تیمارداری کرتی ہیں۔کوثر تسنیم نے تمام نرسنگ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنا ریکارڈ مکمل اپ ڈیٹ رکھیں اور نرسیں دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر ڈیوٹی نہیں چھوڑیں گی اور اگر کوئی مریض تشویشناک حالت میں ہو تو چارج چھوڑنے والی نرس دوسری نرس کو اُس مریض سے متعلق آگاہ کرے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -