بھارت کی سفاکیت جاری،مزید 2کشمیری شہید
سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی سفاکیت عروج پر پہنچ گئی، سرینگر میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر د یا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے سرینگر کے علاقے رنبیر گڑھ میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے، آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے کر شہید کیا گیا، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند رکھی گئی۔ جنت نظیر وادی میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں تیزی آگئی ہے، سرینگر کے علاقے رنبیر گڑھ میں گھر گھر تلاشی کے دورا ن چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور دو نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔جارحیت پسند قابض بھا رتی فوج نے شہید ہونیوالے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر اہل علاقہ اور شہداء کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور بھارتی فوج کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں پوسٹرز اور بینرز بھی اْٹھا رکھے تھے۔بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت کو سکیورٹی فورسز کیساتھ مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جسے شہداء کے اہل خانہ اور علا قہ مکینوں نے نوجوانوں کی گرفتاری کے شواہد پیش کرکے ناکام بنادیا۔ رواں ماہ 10 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔دوسری جانب اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، زخمی اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
کشمیر شہید