25جولائی 2018کو کرپشن کے بت پاش پاش،مافیاز کو شکست ہوئی:عثمان بزدار

25جولائی 2018کو کرپشن کے بت پاش پاش،مافیاز کو شکست ہوئی:عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 کو پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے مینڈیٹ دیا اور عوام نے ووٹ کی طاقت سے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی۔ 25 جولائی کو کرپشن کے بت پاش پاش ہوئے اور مافیاز کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 2 برس قبل نئی امیدوں، نئی توقعات، نئی سوچ اور نئے نظریے کی جیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پہلے دن سے ہی سازشیں کیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور وزیراعظم عمران خان کی عوامی خدمت کی سیاست سے ہر سازش ناکام ہوئی۔عوام کل بھی تحریک انصاف کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور مستقبل میں بھی ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہارنے والے عناصر جتنا مرضی پراپیگنڈا کرتے رہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفر پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ شکست خوردہ عناصر جان لیں کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔ہمارے کپتان کا عزم اور حوصلہ بلند ہے۔ وزیراعظم عمران خان نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبے کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے شاندار پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبوں سے متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کیلئے ون ونڈو سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔ تعمیرات سے متعلقہ این او سی اور نقشہ جات کی منظوری اب ای خدمت مراکز سے ہوگی۔ ای خدمت مراکز میں ضروری اجازت نامے بغیر رشوت کے آسانی سے مل سکیں گے اور عوام کو اب فائلیں اٹھائے دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تعمیراتی شعبے سے متعلقہ خدمات کے این او سی کے اجراء کیلئے ٹائم فریم مقرر کر دیا ہے۔حکومت درخواست گزار کو مقررہ مدت میں این او سی اور اجازت نامے جاری کرنے کی پابند ہوگی۔رہائشی یا کمرشل عمارتوں کی تعمیر کیلئے نقشے کی منظوری 30 دن اور کمرشلائزیشن کنورژن کا این او سی صرف 45 دن میں درخواست گزار کو مہیا کیا جائے گا۔ نئی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے 60 روز جبکہ ٹی ایم ایز سے 75 روز میں ہوگی۔ سردار عثمان بزدار اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور چاروں صوبو ں کے درمیان باہمی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے تسلسل کے ساتھ رابطے جاری رکھنے اور چاروں وزرائے اعلیٰ کے صوبوں کے باہمی دوروں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ تینوں رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے عوام اور حکومتوں کے باہمی تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں اور اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبوں کے درمیان یگانگت اور تعاون کو فروغ دے کر ملک کی تعمیر و ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب قومی امور پر دیگر صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتا ہے۔ ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -