یورپی یونین کی ایئر سیفٹی ایجنسی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فالو اپ پلان طلب کرلیا

یورپی یونین کی ایئر سیفٹی ایجنسی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فالو اپ پلان ...

  

کراچی(این این آئی)سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئر سیفٹی معیار نظر انداز کیے جانے پر یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے ایکشن لیتے ہوئے سی اے اے سے فالو اپ پلان طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئر سیفٹی اسٹینڈرڈز نظر انداز کیے جانے پر یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے اتھارٹی سے فالو اپ پلان طلب کر لیا ہے، یورپی ایجنسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سی اے اے سٹیٹ سیفٹی پروگرام پر عمل درآمد نہیں کر رہی ہے۔اس سلسلے میں یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے ڈی جی سی اے اے کو خط لکھ کر فلائٹ اسٹینڈرڈ، ریگولیٹری، ایئر وردینس اور لائسسنگ سے متعلق وضاحتیں طلب کر لی ہیں، سوال نامے میں ایئر سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کے علاوہ سی اے اے کے دیگر شعبوں سے متعلق تفصیلی سوالات کے جوابات بھی مانگے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایاسا کی جانب سے فالو اپ پلان کے ضمن میں 12 صفحات پر مبنی سوال نامہ سی اے اے کو موصول ہو گیا ہے، جس کا مقصد سی اے اے کی کیٹیگری ون میں واپسی کے لیے اقدامات، سفارشات پر عمل درآمد پر مبنی فزیبلٹی اسٹڈی اور رپورٹ کی تیاری ہے۔سی اے اے کو کیٹیگری ون کی حامل دیگر ریجنل ایوی ایشن اتھارٹیز کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے، سوال نامے میں پائلٹس اور دیگر شعبوں کے افراد کو لائسنس اجرا کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات کی فراہمی کا بھی کہا گیا ہے۔سوال نامے میں لائسنس اجرا سمیت دیگر متعلقہ شعبوں میں کی جانے والی بھرتیوں کے طریقہ کار پر مبنی سوالات بھی شامل ہیں، ایاسا کی جانب سے 2019 میں سی اے اے کے ساتھ دو مختلف اجلاسوں میں دیے گئے سوال ناموں کے جواب بھی طلب کیے گئے ہیں۔

ایئر سیفٹی ایجنسی

مزید :

صفحہ اول -