ملک مثبت سمت میں بڑھ رہا ہے، منزل مقصود تک پہنچے گا، مسرت جمشید

  ملک مثبت سمت میں بڑھ رہا ہے، منزل مقصود تک پہنچے گا، مسرت جمشید

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بھائی کی بطو ر ڈپٹی کمشنر سنٹرل کراچی تعیناتی کرا کے پیپلز پارٹی سے اپنا حصہ وصول کرلیا ہے، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس ہو گی یا نہیں یہ پر اسرار کہانی ہے لیکن اس سے پہلے ہی جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے،25جولائی کا دن پاکستانی قوم کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی کا دن ہے،عمران خان نے22سال کی طویل جدوجہد سے سٹیٹس کو کی حامل قوتوں کوشکست دی۔میڈیا کو جاری اپنے ویڈیو بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کا نتیجہ ضیاء الرحمان کی تعیناتی کی ڈپٹی کمشنر سنٹرل کراچی کی صورت میں سامنے آیا ہے، پوری قوم نے دیکھ لیا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت کے پلیٹ فارم کو اپنے ذاتی مفادات اور ایجنڈے کیلئے استعمال کرتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان ہر دور میں حصہ وصول کرنے کیلئے مشہور ہیں اور انہوں نے اب پیپلز پارٹی سے بھائی کی تعیناتی کی صورت میں اپنا ٹوکن وصول کر لیا ہے۔ اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کیلئے کوئی جواز نہیں اور اس کے لئے زور زبردستی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان مثبت سمت میں بڑھ رہا ہے اور اپنی منزل مقصود تک پہنچے گا،مافیاز کی جانب سے آخری حربے کے طور پر بھرپور مزاحمت جاری ہے لیکن انہیں ہر صورت شکست دیں گے۔

مسرت جمشید

مزید :

صفحہ آخر -