حکومت فنکاروں کے ساتھ ”فنکاری“ نہ کرے،چودھری شجاعت حسین

حکومت فنکاروں کے ساتھ ”فنکاری“ نہ کرے،چودھری شجاعت حسین

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر پنجاب تھیٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین قیصر ثناء اللہ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، آصف اقبال، طاہر انجم، شاہد خان اور محمد یوسف شامل تھے۔ وفد نے سٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فنکاروں سے محبت کرے ان کے ساتھ ”فنکاری“ نہ کرے۔ انہوں نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ عید الاضحی سے قبل تھیٹر کھول کر اس وقت کورونا سے جو غمگین ماحول ہے اس کو خوشگوار کیا جائے، فنکار برادری ایک ایسا طبقہ ہے جو عوام کو موجودہ مایوسی اور ڈپریشن سے نکال سکتا ہے، اگر فنکار مایوس ہو گئے تو پھر معاشرے کا کوئی پرسان حال نہ ہو گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پرعمل کرنا بہت ضروری ہے، اگر عید پرایس او پیز پر عمل کر کے مخصوص پیمانے پر سٹیج ڈرامہ کیا جا سکتا ہے تو کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعت سے وابستہ افراد کا چولہا ٹھنڈا پڑ چکا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ فنکاروں کے ساتھ گلے ملنا چاہتا تھا لیکن کورونا ایک ایسی موذی وبا ہے کہ چاہتے ہوئے بھی نہیں مل سکا، عوام دعا اور استغفار کریں تاکہ کورونا کا زور مکمل ٹوٹ جائے۔ چیئرمین قیصر ثناء اللہ اور افتخار ٹھاکر نے کہا کہ پانچ ماہ سے تھیٹر کا کاروبار بند ہے، 8 گھنٹے چلنے والا کاروبار کھلا ہے اور 2 گھنٹے چلنے والا کاروبار بند ہے، اس شعبہ سے 8 لاکھ کے قریب افراد منسلک ہیں۔

شجاعت حسین

مزید :

صفحہ آخر -