2برس میں کرپشن ختم کردی،ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا:عبدالعلیم خان

  2برس میں کرپشن ختم کردی،ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا:عبدالعلیم خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 2برسوں میں کرپشن میں واضح کمی آئی اور ملک میں تبدیلی کا عمل اوپر سے شروع ہو چکا ہے اور پہلی مرتبہ اقتدار میں آنے والوں نے ذاتی فیکٹریاں لگائیں اور نہ ہی قومی خزانے سے اپنوں کو نوازا یا شاہی خاندان تشکیل دیا گیا۔ عام انتخابات کے 2سال پورے ہونے پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کیمپ آفس نہ بنا کر ایک طرف ملکی خزانے کے کروڑوں روپے بچائے اور سرکاری پیسے کو ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنے نجی غیر ملکی دوروں پربھی خرچ نہیں کیا۔ 25جولائی کا دن یادگار ہے کہ ملک میں عوام نے ووٹ کی طاقت سے تبدیلی کے حق میں واضح مینڈیٹ دیا اور وزیر اعظم عمران خان کا انتخاب کر کے اپنے باشعور ہونے کا ثبوت دیا۔ گزشتہ2برسوں میں منی لانڈرنگ کرنے اور بیرون ملک جائیدادیں بنانے کا سلسلہ بند ہو گیا، ٹیکس دینے والوں کا پیسہ ہڑ پ کرنے کی بجائے ملکی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوا اور تحریک انصاف کی حکومت نے ان2برسوں میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2برسوں میں مالی و دیگر مشکلات کے باوجود ملک آگے کی طرف بڑھا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا جیسی عالمی وبا کا بہتر انداز میں سامنا کیا گیا ہے۔وزیر اعظم ہاؤس سمیت سرکاری اداروں کے اخراجات نمایاں طور پر کم ہوئے ہیں اور پاکستان کی موجودہ حکومت کی کامیابیوں کا اعتراف ملکی و عالمی سطح پر بھی برملاء کیا جا رہا ہے۔2برسوں میں ملک میں اقربا پرور ی اور خاندانی سیاست کو فروغ نہیں ملا اور نہ ہی سرکاری پیسے پر اپنوں کو نگرانی کے لئے بٹھایا گیا ہے۔

عبدالعلیم خان

مزید :

صفحہ آخر -