ملک میں مافیاز کی حکومت،تحریک انصاف کی 2سالہ کارکردگی بدترین رہی:سراج الحق

  ملک میں مافیاز کی حکومت،تحریک انصاف کی 2سالہ کارکردگی بدترین رہی:سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (آئی این پی) امیر جماعت اسلا می سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کراچی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، 650 ارب روپے میں سے صرف 18 ارب کراچی کے لیے رکھے گئے، یہ شہر کیسے ترقی کرے گا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی دوسالہ کارکردگی مایوس کن ہے، ٹماٹر بحران کے دو ماہ گزرنے کے بعد چینی کا بحران ہوگیا، اس حکومت میں پھر پیٹرول کا بحران شروع ہوگیا، بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل پانی کی طرح بہہ رہا تھا، اور ہمارے ملک میں عوام کو پیٹرول نہیں ملا، فی کلو آٹے کی قیمت میں 25 سے 30 روپے اضافہ ہوا، مہنگائی اور بے روز گاری کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں۔ کراچی کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی کیلئے صوبائی اور وفاقی بجٹ میں رقم برائے نام رکھا ہے، کراچی کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے یہ شہر کیسے ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں کراچی شدید مشکلات سے دوچار رہا، صدر پاکستان کراچی سے رہے ہیں لیکن کام نہیں ہوتا، عدالت عالیہ نے کے الیکٹرک کے لائسنس منسوخ کرنے کا عندیہ دیا لیکن کے الیکٹرک ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ کا مسئلہ ہے، کراچی میں بارش سے نمٹنے کیلئے کوئی مناسب نظام ہی موجود نہیں ہے، کراچی میں ہلکی سی بارش ہوتی ہے اور پورا شہر ڈوب جاتا ہے، 650 کے ترقیاتی ارب روپے میں سے صرف 18 ارب کراچی کے لیے رکھے گئے۔ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اس وقت مافیاز کی حکومت ہے، مافیاز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، وزیر اعظم نے خود کہا ملک میں مافیا ہے، یہ مافیا الیکشن میں پارٹیوں پر انویسمنٹ کرتی ہے، پھر وہ کماتے ہیں اور حکومت کچھ نہیں بگاڑ سکتی، مافیا سے حکومت لوٹی ہوئی رقم نہیں لے سکتی ہے۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -