پی ایس ایل میچز حیات آباد کرکٹ گراؤنڈ میں بھی منعقد ہوں گے: تیمور جھگڑا

پی ایس ایل میچز حیات آباد کرکٹ گراؤنڈ میں بھی منعقد ہوں گے: تیمور جھگڑا

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے مقابلے حیات آباد کرکٹ گراؤنڈ میں بھی منعقد ہوں گے۔ ریگی ماڈل ٹاؤن میں 350 کنال اراضی پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہوگا جبکہ ماڈل بی ایچ یو اور پرائمری سکول فعال ہو چکے ہیں۔ ریگی ماڈل ٹاؤن میں تجاوزات کا خاتمہ کیا ہے جبکہ اس کے لیے علیحدہ گریڈ اسٹیشن پر کام جاری ہے۔ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے لیے معاہدہ آئندہ ہفتے متوقع ہے جبکہ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کی استعداد مزید بڑھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ریگی ماڈل ٹاؤن پشاور میں منعقدہ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تیمور جھگڑا نے یونین کونسل ریگی میں 3 سڑکوں کا افتتاح کیا جس میں 2 کلومیٹر بادیزئی میاں خان گڑھی روڈ، غلام نبی کلی روڈ اور آر ایچ سی ریگی روڈ شامل ہیں۔ اس موقع پر علاقہ مشران، عمائدین، پارٹی عہدیداران اور ورکز بھی موجود تھے۔ بعد ازاں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ریگی ماڈل ٹاؤن میں 350 کنال اراضی پر جدید سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے۔ سپورٹس کمپلیکس تمام جدید کھیلوں کی سہولیات سے آراستہ ہو گا۔ اسی طرح ماڈل بنیادی مرکز صحت اور پرائمری سکول بھی فعال بنا دیا گیا ہے۔ ریگی ماڈل ٹاؤن کے لیے الگ گریڈ اسٹیشن پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ٹاؤن سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں خصوصاً نوجوانوں کے لیے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی فیس میں کمی کی جائے گی تاکہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے بڑھ چڑھ کے حصہ لیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ پشاور کے شہریوں کیلئے یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز حیات آباد کرکٹ گراؤنڈ میں بھی منعقد ہوں گے جس سے انہیں اچھی تفریحی سرگرمی میسر آئے گی۔ شمولیتی جلسے سے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پشاور کے تمام پبلک پارکس کی بحالی اور تزئین و آرائش کی جا رہی ہے جبکہ انہیں معذور افراد کے لیے بھی قابل استعمال بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا عوامی صحت کے لیے قابل فخر منصوبہ ہے جس کے لیے انشورنس کمپنی سے معاہدہ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ جس کے بعد صوبے کے تمام شہریوں کو مرحلہ وار یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ عید کے بعد قومی و صوبائی سطح پر کورونا صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور نئے کیسز کی شرح اسی طرح کم رہی تو بند کاروبار کھول دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں معاشی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعمیراتی شعبے کے لیے پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے معیشت پر دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔ وزیر صحت و خزانہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کی استعداد میں مزید اضافہ کرنے کے لیے حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے جن کے نتائج جلد عوام کے سامنے ہوں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -