نااہل حکومت نے عوامی مشکلات میں اضافہ کردیا، سکندر حیات شیرپاؤ

  نااہل حکومت نے عوامی مشکلات میں اضافہ کردیا، سکندر حیات شیرپاؤ

  

چارسدہ(بیو رو رپورٹ)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنی نااہلی کی بدولت عوام کے مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل گنڈھیری ضلع چارسدہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جے یو آئی کے سرکردہ کارکنوں اسرار خان،لال رازق،نواب گل،جاوید خان،جھانزیب خان،عزت اللہ،سراج خان،رمیض اللہ،نورالامین،شاکر خان،قیوم خان،ارشد علی،مراد خان،قدوس،طاہر خان،نوید خان،محمد حسین،محمد رحمان،اسلام،محمد نوید،جھانگیر خان اور عابد خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں مافیا کے وارے نیارے ہیں،ایک اور آٹے کا بحران سر پر منڈلا رہا ہے جس کا ثبوت حالیہ دنوں میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہے۔انھوں نے کہا کہ آٹے کا 20کلو تھیلا 13سو روپے میں بک رہا ہے جبکہ چینی کی فی کلو قیمت 90روپے سے تجاوز کر گئی ہے جس سے حکمرانوں کی نااہلی عیاں ہو گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ دوسال سے دو سو فیصد اضافہ ہو گیا ہے جس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔حکومت ادویات کی قیمتوں میں فی ا لفور کمی لانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ غریب مریضوں کو علاج معالجہ اور ادویات کی ارزاں نرخوں پر سہولیات میسر ہو سکیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے بے پنا ہ قرضے حاصل کرنے کے باوجودملکی معیشت کو بحران سے نکالنے میں ناکام رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کی منظوری دیدی ہے جو خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے کیونکہ صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی پارلیمنٹری کمیٹی کے ٹی اوآرزکو دو سال گزرنے کے باوجود حتمی شکل نہیں دی گئی جس سے حکومت کی بدنیتی عیاں ہو چکی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -