کراچی میں بادلوں کے ڈیرے، مختلف علاقوں میں بارش

کراچی میں بادلوں کے ڈیرے، مختلف علاقوں میں بارش

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد اور گرد و نواح میں بادلوں کے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جب کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم مزید خوشگوار ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی اور گرد و نواح کے علاقے مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کے زیر اثر ہیں، مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ بحیرہ عرب میں ممبئی کے قریب کم شدت کا ہوا کا کم دباو موجود ہے۔سردارسر فراز نے بتایا کہ ہوا کے کم دباو کا پھیلاو سندھ اور کراچی کی طرف آرہا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے قبل 50 سے60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی کا بھی امکان ہے جبکہ شہر کے چند ایک مقامات پر تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔سردار فراز کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں 20 سے30 ملی میٹر بارش کی امید کی جارہی ہے۔ورونا وبا کے باعث ہفتہ وار لاک ڈاؤن کے باعث شہر کے تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند ہیں جس کی وجہ سے کراچی کے عوام کی بڑی تعداد ہفتے کا دن بھی چھٹی کی طرح منارہی ہے، لوگوں نے مویشی منڈیوں کا رخ کرلیا ہے تاکہ بارش کے موسم میں سستے داموں قربانی کے جانوروں کی خریداری کی جاسکے۔ایک جانب جہاں کراچی والے سہانے موسم کا مزا اٹھا رہے ہیں وہیں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔دوسری جانب بوندا باندی کے باعث شہر کے کئی مقامات پر موٹر سائیکلیں پھسلنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جس کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -