وکلاء نے چیف جسٹس کی بحالی اور جمہوریت کے لئے گراں قدر قربانیاں دیں: شوکت علی یوسفزئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ شانگلہ کے وکلاء نے چیف جسٹس کی بحالی اور جمہوریت کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔انصاف کے حصول کے لیے غریبوں کی نظریں ہمیشہ وکلاء کے اوپر ہوتی ہیں وکلاء سستے انصاف کی فراہمی میں غریبوں کی ضرور مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ غربت پسماندگی بے روزگاری ٹوٹی سڑکیں اور پلاسٹک پائپ ہماری عوام کا مقدر نہیں انشاء اللہ ضلع میں بہترین انفراسٹرکچر بنائیں گے اور گھر گھر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کس پاگوڑء واٹر سپلائی سکیم کی افتتاحی اور الپوری میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرتحریک انصاف مالاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب صدر حاجی سدید الرحمان شانگلہ کے صدر وقار احمد خان ضلعی زکوٰۃ چئیرمین سیدالابرار خان پارٹی رہنما اخترعلی چٹان اور عبدال مولا بھی موجود تھے۔اس سے قبل صوبائی وزیر ڈسٹرکٹ بار پہنچے تو وکلاء برادری نے ان کا شاندار استقبال کیا صدر شانگلہ بار محمد نعیم ایڈووکیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی کو شانگلہ میں بلاامتیاز ریکارڈ ترقیاتی کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیااور وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شانگلہ کی پسماندگی دور کرنے اور یہاں کی ترقی و خوشحالی کے لئے وکلاء برادری ان کا ساتھ دیں گے انہوں نے اپوزیشن کو بھی دعوت دی کہ وہ صوبے کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ محمود خان کا ساتھ دیں جو بلا امتیاز صوبے کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور جہاں انہیں غیر معیاری کام نظر آئے فوراً اطلاع کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے لیے تیس لاکھ،بشام،پورن اور چکیسر بار کے لئے دس دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا