وہ ملک جہاں کورونا کا پہلا مشتبہ مریض سامنے آگیا
پیانگ یانگ(ڈیلی پاکستان آن لائن) شمالی کوریا نے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے مشتبہ مریض کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا سے آنےوالے شخص میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے مشتبہ مریض کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے کہا ہے کہ ایک شخص جس نے تین سال قبل جنوبی کوریا کا رخ کیا تھا وہ گزشتہ ہفتے سرحد کے اس پار واپس آیاتھا، اور اس میں کووڈ 19 کی علامات تھیں۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی ملاقات کی،جس کے بعد سرحدی شہر کیسانگ میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔
کے سی این اے نے کہا ’کیسونگ شہر میں ایک ہنگامی واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص جس کے وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے وہ غیر قانونی طور پر حد بندی کی لائن عبور کرنے کے بعد 19 جولائی کو واپس آگیا۔‘
یاد رہے شمالی کوریا نے اس سے قبل کہا تھا کہ ان کے ملک میں کووڈ 19 کے متاثرین نہیں ہیں- لیکن تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ایسا ہونے کا امکان نہیں تھا۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 58 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث چھ لاکھ 40 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 72 ہزار جبکہ ساڑھے پانچ ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ متاثرین کے اعتبار سے سندھ سب سے متاثرہ صوبہ ہے جبکہ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں۔
دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں کم از کم 41 لاکھ افراد اس مرض سے متاثر ہیں جبکہ وہاں اب تک ایک لاکھ 46 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔