کورونا پھر سے سر اٹھانے لگا،مثبت کیسز کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق جبکہ تین ہزار 752 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح 7.5 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار947 ٹیسٹ کیے گئے، ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 48 ہوگئی جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ آٹھ ہزار 446 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 67 ہزار 92، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 41 ہزار 925، پنجاب میں تین لاکھ 53 ہزار 238، اسلام آباد میں 85 ہزار 780، بلوچستان میں 29 ہزار 571، آزاد کشمیر میں 23 ہزار 93 اور گلگت بلتستان میں سات ہزار 747ہو گئی ہے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار 944 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں پانچ ہزار 833، خیبرپختونخوا چار ہزار 420، اسلام آباد 793، گلگت بلتستان 123، بلوچستان میں 325 اور آزاد کشمیر میں 610 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔