یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ”پاک ان دبئی“ موبائل ایپ لانچ کردی گئی

یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ”پاک ان دبئی“ موبائل ایپ لانچ کردی گئی
یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ”پاک ان دبئی“ موبائل ایپ لانچ کردی گئی

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) عوامی مفاد عامہ کی خاطر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی نے ”پاک ان دبئی“ PakinDubai کے نام سے موبائل ایپ لانچ کردی ہے۔ فی الحال یہ ایپ گوگل پلے سٹور پر دستیاب ہے جبکہ جلد ہی یہ ایپ سٹور پر بھی مل سکے گی۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ وباءکے دنوں میں قونصلیٹ آنے کی بجائے متذکرہ ایپ سے استفادہ کریں اور گھیر بیٹھے اپنے مسائل حل کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار قائم مقام قونصل جنرل آف پاکستانی قونصلیٹ دبئی گیان چند نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ اس دوران قونصلیٹ سٹاف اور پاکستانی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ارکان موجود تھے۔

گیان چند نے کہا کہ ”پاک ان دبئی“ ایپ چند ہی دنوں میں 15ہزار سے زائد لوگوں نے ڈاﺅن لوڈ کرلی ہے اور لوگ اس سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید، دستاویزات کی تصدیق اور فوت شدہ لوگوں کے کاغذات کی تیاری کے سلسلہ میں بھی اس ایپ سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ دبئی اور ناردرن ایمریٹس میں مقیم پاکستانی متذکرہ ایپ سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں اور انہیں دور دراز کی امارات سے دبئی قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

قائم مقام قونصل جنرل گیان چند نے مزید بتایا کہ لوگوں کو ضروری معلومات کی فراہمی کے لیے کالنگ سنٹر کا آغاز بھی کردیا گیا ہے جس میں قونصلیٹ کا مستعد عملہ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک دستیاب ہوگا۔ جو لوگوں کو فوری معلومات فراہم کرے گا۔ کالنگ سنٹر روزانہ ایک ہزار سے زائد کالیں وصول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ بہت جلد ہم ٹول فری نمبر بھی حاصل کرلیں گے جس سے عوام الناس کو مزید سہولت میسر آسکے گی۔ گیان چند نے کہا کہ امارات میں مقیم پاکستانی مندرجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ 

04-3973600, 04-3970412, 056-6472721

گیان چند نے مزید بتایا کہ بہت جلد کالنگ سنٹر کی یہ سہولت 24 گھنٹے کردی جائے گی جبکہ ”پاک ان دبئی“ ایپ جو فی الحال انگریزی میں ہے اسے عام آدمی کے استعمال کے لیے اردو میں کردیا جائے گا۔ قونصلیٹ کی طرف سے فراہم کی جانے والی متذکرہ سہولیات پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام اور پاکستان بزنس قونصل کے صدر احمد شیخانی نے قونصلیٹ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -