امریکی سینیٹر جان کیری نے ’بلین ٹری سونامی‘ کو دنیا بھر کےلئے بہترین منصوبہ قرار دے دیا

امریکی سینیٹر جان کیری نے ’بلین ٹری سونامی‘ کو دنیا بھر کےلئے بہترین منصوبہ ...
امریکی سینیٹر جان کیری نے ’بلین ٹری سونامی‘ کو دنیا بھر کےلئے بہترین منصوبہ قرار دے دیا

  

لند ن (ڈیلی پاکستان آن لائن ) امریکی صدر کے نمائندہ برائے ماحولیات اور سینیٹر جان کیری نے پاکستانی حکومت کے ’ بلین ٹری سونامی ‘ منصوبے کو دنیا بھر کے لئے بہترین منصوبہ قرار دے دیا۔جان کیر ی کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی ویژن پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں امریکی صدر کے نمائندہ برائے ماحولیات جان کیری سے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے ملاقات کی ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان کے ’گرین ویژن،ٹین بلین ٹری سونامی‘ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے ماحولیات کے حوالے سے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

 مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے امریکی سینیٹر جان کیری کو کلین گرین منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی کیلئے بڑے اقدامات اٹھائے ہیں اور ان کی ہدایت پر کوئلے کے نئے پاور پلانٹ کا قیام روک کر متبادل توانائی پر کام شروع کردیا گیاہے۔

ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا ماحولیاتی تحفظ کیلئے دنیا بھر کی قیادت کرنا خوش آئند ہے اور پاکستان امریکی صدر کی قیادت اور اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران جان کیری نے وزیراعظم عمران خان کے کوئلہ پاور پلانٹ قائم نہ کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے میں عمران خان کی  سوچ قابل ستائش ہے،پاکستان نے دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

امریکی سینیٹر نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -بین الاقوامی -