کبیروالا میں ویگن کے نیچے آکر شہری کی موت کا ڈراپ سین ، دراصل وجہ کیا بنی؟ ایسا انکشاف کہ کسی کو یقین نہ آئے
خانیوال (مانیٹرنگ ڈیسک) مرغوں کی لڑائی انسانوں کی لڑائی کا سبب بن گئی اور ایک شخص موت کے گھاٹ اتر گیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق گزشتہ دنوں مرغوں کی لڑائی کا ’مقابلہ‘ ہوا تھا جس میں ریاض سہو نامی شخص کے مرغے کو محمد اکبر کے مرغے نے ہرا دیاتھا۔ ریاض سہو کو اپنا مرغا ہارنے کا غم تھا جس پر اس نے محمد اکبر سے بدلہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق ریاض سہو وین چلاتا تھا جبکہ محمد اکبر پھول فروخت کرتا تھا۔ گزشتہ دنوں اسی رقابت میں ریاض سہو نے محمد اکبر پر اپنی وین چڑھا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریاض سہو نے اکبر کا جیتنے والا مرغا خریدنا چاہا تھا۔ جب اکبر نے اسے مرغا فروخت کرنے سے انکار کر دیا تو وہ مشتعل ہو گیا اور اس پر گاڑی چڑھا دی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔