میاں بیوی کی ایک دوسرے پر فائرنگ، دونوں ہی زخمی ہوگئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے علاقے غوری گارڈن میں میاں بیوی نے ایک دوسرے پر گولیاں چلا دیں جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق میاں بیوی ایک دوسرے سے علیحدہ رہ رہے ہیں اور دونوں میں پانچ سالہ بیٹے کی وجہ سے تنازعہ چل رہا ہے۔ عید سے پہلے خاتون بیٹے کو اپنے گھر لے آئی۔ شوہر ذیشان علی بیٹے کو لینے گیا تو دونوں میں تکرار ہوگئی جو بڑھتے بڑھتے شدت اختیار کرگئی۔ میاں بیوی نے طیش میں آکر ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ہی زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں دونوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے، دونوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے جائیں گے۔